بزرگ شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے:پی ایم مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 09-03-2026
بزرگ شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے:پی ایم مودی
بزرگ شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے:پی ایم مودی

 



نئی دہلی: بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ’کیئر اکانومی‘ کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بزرگ شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث تربیت یافتہ نگہداشت فراہم کرنے والوں (کیئرگیورز) کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔

وزیرِ اعظم مودی نے بعد از بجٹ ویبینار "سب کا ساتھ سب کا وکاس: عوام کی امنگوں کی تکمیل" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے مہارت پر مبنی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ماہرینِ صحت سے اپیل کی کہ وہ تربیتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے نئے ٹریننگ ماڈلز اور شراکت داریوں کے بارے میں تجاویز پیش کریں۔

انہوں نے کہا، "آیوشمان بھارت اسکیم اور آروگیہ مندروں کے ذریعے صحت کی سہولیات کو دیہات تک وسعت دی گئی ہے۔ ہماری یوگا اور آیوروید دنیا بھر میں مقبول ہو رہے ہیں۔ تاہم ایک اہم موضوع ’کیئر اکانومی‘ بھی ہے۔ آنے والی دہائی میں ملک میں بزرگ شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں کیئرگیورز کی بہت زیادہ مانگ موجود ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس صورتحال کے پیشِ نظر صحت کے شعبے میں لاکھوں نوجوانوں کے لیے مہارت پر مبنی ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ نریندر مودی نے تعلیم کو معیشت سے جوڑنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، آٹومیشن اور ڈیجیٹل معیشت جیسے شعبوں پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا، "ہمیں تعلیمی نظام کو حقیقی معیشت سے جوڑنے کے عمل کو تیز کرنا ہوگا۔ اے آئی، آٹومیشن، ڈیجیٹل اکانومی اور ڈیزائن پر مبنی مینوفیکچرنگ پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ وزیرِ اعظم نے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (اسٹیم) کی تعلیم میں لڑکیوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا، یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ ہمارے ملک کی بیٹیاں اسٹیم کے شعبے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔ جب ہم مستقبل کی ٹیکنالوجیز کی بات کرتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ مواقع کی کمی کی وجہ سے کوئی بھی بیٹی پیچھے نہ رہ جائے۔ ہمیں ایسا تحقیقی ماحول بنانا ہوگا جہاں نوجوان محققین کو نئی سوچ اور آئیڈیاز پر کام کرنے کے بھرپور مواقع مل سکیں۔