نئی دہلی
کانگریس کی طلبہ تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے جمعہ کے روز جامعہ ملیہ اسلامیہ میں حالیہ احتجاج کے حوالے سے پاکستان کے بیانات پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے اندرونی معاملات "ناقابلِ سمجھوتہ" ہیں اور ان پر بیرونی تبصرہ قابلِ قبول نہیں۔این ایس یو آئی کی جامعہ یونٹ نے کہا کہ جامعہ ہندوستان کے خودمختار جمہوری نظام کا حصہ ہے اور کیمپس میں ہونے والی بحث یا اختلافات مکمل طور پر داخلی نوعیت کے ہیں۔
تنظیم نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک سے طلبہ کی آواز کو "سیاسی رنگ دینے یا ہائی جیک کرنے" کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور یہ کہ ہندوستان کے پاس اپنے مسائل حل کرنے کے لیے مضبوط ادارہ جاتی نظام موجود ہے۔
یہ بیان اس پس منظر میں آیا ہے جب اس ہفتے کے آغاز میں جامعہ کیمپس میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سو سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک پروگرام کو یونیورسٹی انتظامیہ کی اجازت ملنے کے بعد کچھ طلبہ نے احتجاج کیا تھا، جس میں این ایس یو آئی بھی شامل تھی۔
تاہم این ایس یو آئی جامعہ نے کہا کہ اگرچہ اختلافِ رائے اور مکالمہ یونیورسٹی کی روایت کا حصہ ہیں، لیکن "جامعہ قومی یکجہتی، آئینی اقدار اور بے خوف مکالمے کی علامت ہے، مگر یہ کبھی بھی بیرونی بیانیے یا مداخلت کا پلیٹ فارم نہیں بنے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سرحد پار سے ہماری نمائندگی کرنے کی کوشش کرنے والوں کو پہلے اپنے حالات پر نظر ڈالنی چاہیے۔ ہندوستان کی خودمختاری ناقابلِ سمجھوتہ ہے اور اس کے اندرونی معاملات پر بیرونی تبصرہ قابلِ قبول نہیں۔دوسری جانب آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (ایسا) نے بھی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر مظہر آصف کے مبینہ بیان کی مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ زبان، ثقافت اور مذہب کے فرق کے باوجود سب ہندوستانی ہیں کیونکہ "مہادیو کا ڈی این اے ہم سب میں موجود ہے۔"
یہ بیان آر ایس ایس کے زیرِ اہتمام منعقدہ "یوا کمبھ" پروگرام کے دوران دیا گیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ایسا کے مطابق وائس چانسلر کے یہ "غیر جمہوری، غیر سائنسی اور اکثریتی" خیالات ہندوستانی شناخت کی ایک محدود تعریف پیش کرتے ہیں۔