این ایس اے ڈوبھال کی مارکو روبیو سے ملاقات۔ پاکستان میں اب بھی دہشت گرد نیٹ ورک سرگرم ہیں

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-05-2026
این ایس اے ڈوبھال کی مارکو روبیو سے ملاقات۔ پاکستان میں اب بھی دہشت گرد نیٹ ورک سرگرم ہیں
این ایس اے ڈوبھال کی مارکو روبیو سے ملاقات۔ پاکستان میں اب بھی دہشت گرد نیٹ ورک سرگرم ہیں

 



 نئی دہلی۔امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اتوار کو نئی دہلی میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کی۔ اس دوران ہندوستان نے پاکستان میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اب صرف ایک نظریہ نہیں بلکہ ایک مکمل ’’ایکو سسٹم‘‘ کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجیت ڈوبھال نے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان سے چلنے والے دہشت گرد نیٹ ورک اب بھی سرگرم ہیں جبکہ افغانستان سے لے کر جنوبی ایشیا تک پورا خطہ سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

ڈوبھال نے واضح کیا کہ ہندوستان اب صرف دہشت گردی کے خطرات پر نظر رکھنے تک محدود نہیں بلکہ سرحد پار دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ’’ایکشن موڈ‘‘ میں کام کر رہا ہے۔

ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی۔ انسدادِ دہشت گردی تعاون اور ہند۔بحرالکاہل خطے میں اسٹریٹجک ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کے مطابق دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔

ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی۔ مشترکہ ترقی اور دفاعی سازوسامان کی مشترکہ پیداوار پر بھی گفتگو ہوئی۔ یہ تعاون ’’انیشی ایٹو آن کریٹیکل اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی‘‘ یعنی آئی سی ای ٹی کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستان اب صرف دفاعی آلات خریدنے والا ملک نہیں رہنا چاہتا بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی تیاری اور ترقی میں شراکت دار بننے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس کے بعد وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور مارکو روبیو کے درمیان حیدرآباد ہاؤس میں دو طرفہ ملاقات ہوئی جس میں تجارت۔ ٹیکنالوجی۔ مصنوعی ذہانت۔ سپلائی چین۔ دفاع اور توانائی سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد مارکو روبیو نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات کی رفتار کم نہیں ہوئی ہے بلکہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر عالمی معاملات پر دونوں ممالک اسٹریٹجک طور پر ایک دوسرے سے متفق ہیں۔

روبیو نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان طویل عرصے سے زیر التوا تجارتی معاہدہ جلد مکمل ہو سکتا ہے۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان مغربی ایشیا۔ برصغیر ہند اور مشرقی ایشیا کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے سمندری تجارت کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

جے شنکر نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک نے سول نیوکلیائی تعاون اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا خیر مقدم کیا ہے۔

مارکو روبیو کی یہ ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی سے ہونے والی ملاقات کے ایک دن بعد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق روبیو نے وزیر اعظم مودی کو وائٹ ہاؤس کے دورے کی دعوت بھی دی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ہندوستان اور امریکہ کے درمیان بڑھتا ہوا اسٹریٹجک تعاون صرف دو طرفہ تعلقات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے اثرات ہند۔بحرالکاہل خطے کی سلامتی اور عالمی جغرافیائی سیاست پر بھی نمایاں طور پر دیکھے جائیں گے۔