واشنگٹن
ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور نائجیریا کی سکیورٹی فورسز نے جمعہ کے روز ایک مشترکہ کارروائی میں دولتِ اسلامیہ (آئی ایس) کے ایک بدنام دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
ٹرمپ نے رات دیر گئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اس مشترکہ آپریشن کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابو بکر المینوکی عالمی سطح پر اسلامک اسٹیٹ گروپ کا دوسرا بڑا دہشت گرد تھا اور ’’اسے لگا کہ وہ افریقہ میں چھپ سکتا ہے، لیکن اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ ہمارے پاس ایسے ذرائع موجود ہیں جو ہمیں اس کی سرگرمیوں کی مسلسل معلومات فراہم کر رہے تھے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکہ المینوکی کو آئی ایس کی تنظیم سازی اور مالی معاونت میں ایک اہم کردار سمجھتا تھا، اور وہ امریکہ اور اس کے مفادات کے خلاف حملوں کی سازش تیار کر رہا تھا۔
بولا ٹینوبو نے بھی اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جھیل چاڈ کے قریب واقع علاقے میں المینوکی کے ٹھکانے پر کیے گئے حملے میں یہ بدنام دہشت گرد اپنے کئی جنگجوؤں کے ساتھ مارا گیا۔
دہشت گرد تنظیموں پر نظر رکھنے والی تنظیم کاؤنٹر ایکسٹریمزم پروجیکٹ کے مطابق، 1982 میں نائجیریا کے بورنو صوبے میں پیدا ہونے والے المینوکی نے 2018 میں مامن نور کی ہلاکت کے بعد مغربی افریقہ میں آئی ایس کی شاخ کی قیادت سنبھالی تھی۔