میں اس مینڈیٹ کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں- کھرگے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2025
میں اس مینڈیٹ کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں-  کھرگے
میں اس مینڈیٹ کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں- کھرگے

 



  بنگلورو (کرناٹک)، 15 نومبر (اے این آئی): کرناٹک کے وزیر پریانک کھرگے نے بہار اسمبلی انتخابات کے نتیجے کو ’’انتہائی حیران کن‘‘ قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ فیصلہ ’’قابلِ قبول نہیں‘‘۔

این ڈی اے کی زبردست جیت پر ردعمل دیتے ہوئے کھرگے نے میڈیا سے بات میں کہا،
"یہ نتیجہ بہت ہی حیران کرنے والا ہے، ایسی توقع نہیں تھی۔ چونکہ اب فیصلہ آ چکا ہے، دیکھتے ہیں اصل میں ہوا کیا ہے اور اس کے پیچھے وجہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا،"واقعی یہ نتیجہ غیر متوقع اور بہت چونکانے والا ہے۔ میں اس مینڈیٹ کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔ جیتنا اور ہارنا الگ بات ہے، مگر ایسا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے۔ ہم نے ٹکٹ دینے سے پہلے زمینی حالات چیک کیے تھے۔ یہ پورا نتیجہ عوامی مینڈیٹ نہیں لگتا۔"

ان کا یہ بیان اس وقت آیا جب بہار میں این ڈی اے کی ’سونامی‘ نے مہاگٹھ بندھن کو تقریباً بہا دیا۔ بی جے پی 89 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی بنی جبکہ جنتا دل (یونائیٹڈ) 85 نشستوں کے ساتھ بالکل پیچھے رہی۔ اتحادی جماعتوں نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔

مہاگٹھ بندھن کی جماعتیں—آر جے ڈی اور کانگریس—بُری طرح پیچھے رہ گئیں۔ جن سوراج پارٹی، جسے بانی پرشانت کشور کی بھرپور مہم کے بعد اچھی شروعات کی امید تھی، وہ بھی ایک نشست نہ جیت سکی۔حکمران این ڈی اے نے 243 رکنی ایوان میں 202 نشستیں حاصل کیں، جو تین چوتھائی اکثریت بنتی ہے۔ یہ دوسرا موقع ہے جب این ڈی اے نے 200 سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔ 2010 میں انہیں 206 نشستیں ملی تھیں۔

این ڈی اے میں بی جے پی نے 89، جے ڈی(U) نے 85، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) نے 19، ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) نے پانچ، اور راشٹریہ لوک مورچہ نے چار نشستیں جیتیں۔مہاگٹھ بندھن میں آر جے ڈی نے 25 سیٹیں، سی پی آئی (ایم ایل) لبریشن نے دو، انڈین انکلیوسو پارٹی نے ایک، اور سی پی آئی (ایم) نے ایک نشست جیتی۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے پانچ نشستیں حاصل کیں، جبکہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) ایک نشست تک محدود رہی۔