جموں/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز نئی دہلی کے لال قلعے کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی، جس میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے امن اور بھائی چارے کے اصولوں کے عزم کو بھی دہرایا۔
دہلی میں مبینہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ چند افراد ہیں جنہوں نے اس خطے میں امن اور بھائی چارے کو نقصان پہنچایا ہے اور یہ کہنا غلط ہے کہ ہر کشمیری کا دہشت گردی سے تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ کوئی بھی مذہب بے گناہوں کے اس قدر بہیمانہ قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ تحقیقات جاری رہیں گی، لیکن ہمیں ایک بات یاد رکھنی چاہیے — جموں و کشمیر کا ہر رہائشی یا ہر کشمیری مسلمان دہشت گرد نہیں ہے۔ یہ صرف چند لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ یہاں کے امن اور بھائی چارے کو برباد کیا ہے۔ اگر ہم ہر کشمیری کو ایک ہی نظریے سے دیکھیں اور سمجھیں کہ سب دہشت گرد ہیں، تو لوگوں کو صحیح راستے پر رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جو لوگ اس واقعے کے ذمہ دار ہیں، انہیں سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے، لیکن یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ کسی بے گناہ کو اس میں شامل نہ کیا جائے۔پیشہ ورانہ پس منظر رکھنے والے ملزمان، جن میں ڈاکٹر بھی شامل ہیں، پر تبصرہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے اس سیکورٹی ناکامی پر سوال اٹھایا جس کی وجہ سے دھماکہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم نے اس سے پہلے یونیورسٹیوں کے پروفیسروں کو ایسے معاملات میں ملوث نہیں دیکھا؟ کون کہتا ہے کہ تعلیم یافتہ لوگ ایسے کام نہیں کرتے؟ وہ کرتے ہیں۔ مجھے اس بات پر حیرت ہے کہ اگر انہیں نوکری سے برطرف بھی کیا گیا تھا تو اس کے بعد کس قسم کی تحقیقات کی گئیں؟ ان کے خلاف مقدمہ کیوں نہیں چلایا گیا؟ ہم صرف مرکزی حکومت کی مدد کر سکتے ہیں تاکہ حالات معمول پر رہیں، اور ہم ایسا ہی کر رہے ہیں۔
جموں و کشمیر کے متعدد رہائشیوں کو اس مبینہ دہشت گرد گروہ کا حصہ ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، جو مختلف مقامات پر دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ اسی دوران، نیا سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آیا ہے جس میں مرکزی ملزم ڈاکٹر عمر ان نبی کو قومی دارالحکومت میں بادرپور سرحد کے راستے آئی20 کار میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس سے جاری تحقیقات میں اس کے خلاف ثبوت مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ عمر بادرپور ٹول پلازہ پر پہنچا، جہاں اس نے گاڑی روکی، نقد رقم نکالی اور ٹول کلیکٹر کو دی۔ سیکیورٹی ایجنسیوں نے دہلی دھماکے کے ملزمان ڈاکٹر عمر اور ڈاکٹر مزمل کی ڈائریاں بھی برآمد کی ہیں، جن میں 8 سے 12 نومبر کی تاریخیں درج ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس عرصے میں دھماکے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔
ذرائع کے مطابق، ڈائری میں تقریباً 25 افراد کے نام بھی درج ہیں، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق جموں و کشمیر اور فریدآباد سے ہے۔