تہران
ایران نے منگل کے روز فروری 2026 میں میناب کے ایک پرائمری اسکول پر ہونے والے میزائل حملے میں جاں بحق ہونے والے طلبہ کی یاد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس مقصد کے لیے ایران کی قومی فٹ بال ٹیم فیفا ورلڈ کپ 2026 میں "میناب 168" کے نام سے حصہ لے رہی ہے اور اپنے یونیفارم پر سنہری پنز لگا رہی ہے، جو ان بچوں کی یاد میں ایک جذباتی خراجِ تحسین ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران کی ثابت قدمی ان مرحوم جانوں کی یاد اور قربانیوں پر قائم ہے۔انہوں نے ایکس پر ایک لیگو طرز کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایران اپنے تمام زخموں کے باوجود آج بھی سربلند کھڑا ہے، اور اس کے بچے کشادہ سینوں اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ عالمی اسٹیج پر مقابلے کے لیے تیار ہیں۔ پوری قوم کی دعائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ ان کے لیے، ایران کے لیے اور اس پرچم کو سربلند رکھنے کے لیے ہم سب ایک آواز ہو کر مقدس نام 'ایران' کا نعرہ بلند کرتے ہیں اور اپنے نوجوانوں کے لیے فتح اور عزت کی دعا کرتے ہیں۔
دریں اثنا، جاری ورلڈ کپ میں ایران کے حامیوں نے فیفا کی پابندی کے باوجود لاس اینجلس کے سوفائی اسٹیڈیم کے اندر ایران کا قبل از انقلاب پرچم لہرایا۔نیوزی لینڈ کے خلاف ایران کے افتتاحی میچ سے قبل سیکڑوں مظاہرین اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوئے اور ایرانی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ اطلاع نیویارک پوسٹ کی ویب سائٹ نے دی۔ ایران نے 15 جون کو کھیلے گئے اپنے پہلے فیفا ورلڈ کپ میچ میں دو مرتبہ خسارے سے واپسی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے خلاف 2-2 سے ڈرا حاصل کیا۔
ادھر ایران کی وزارتِ خارجہ نے جمعرات کو امریکی سینٹرل کمانڈ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ فروری میں میناب میں جس اسکول کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، وہ دراصل میزائل لانچنگ تنصیب کا حصہ تھا۔
ایران نے اس دعوے کو "بے بنیاد من گھڑت کہانی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد 170 سے زائد اسکولی بچوں اور اساتذہ کی ہلاکت کو چھپانا ہے۔ایکس پر جاری ایک بیان میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی دعووں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں "ہولناک جھوٹ" کہا۔
انہوں نے کہا کہ حقائق کو اس بے شرمی سے توڑ مروڑ کر پیش کرنا 28 فروری کے میزائل حملوں کی سنگین حقیقت کو چھپانے کی واضح کوشش ہے، جن میں 170 سے زائد اسکولی بچے اور ان کے اساتذہ المناک طور پر جاں بحق ہوئے تھے۔