کییف
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی نے تہران کی حالیہ دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک "خلیجی ممالک کی حمایت پر یوکرین کو ایرانی حکومت کی دھمکیوں" سے مرعوب نہیں ہوگا۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں زیلینسکی نے ان بیانات کو خطے کی سفارتکاری کا ایک معمول قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا، "یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ میں گزشتہ چار برسوں میں اس طرح کے کئی پیغامات سن چکا ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین کی شمولیت کا مقصد صرف دفاعی نوعیت کا ہے۔ ان کے مطابق "امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے رہنماؤں نے ہم سے ڈرون روکنے کے نظام کے لیے مدد مانگی۔" انہوں نے مزید کہا کہ ان ممالک نے فضائی خطرات سے نمٹنے کے لیے "ہماری فضائی دفاعی مہارت" حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔زیلینسکی نے اس تعاون کی غیر جارحانہ نوعیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "فضائی دفاع کا تعلق حملہ آور صلاحیت سے نہیں ہوتا۔" انہوں نے کہا کہ اسی لیے ہم نے کہا کہ ہم اپنی مہارت اور دفاعی نظام فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ماضی کی ایسی دھمکیوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ کییف کسی بھی طرح کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے پیغامات سے نہیں ڈرتے۔ ہم پچھلے چار برسوں سے، بلکہ درست طور پر بارہ برسوں سے، روزانہ ایسے پیغامات سنتے آئے ہیں۔ یہ ہمارے لیے نیا نہیں ہے۔سفارتی کشیدگی کے علاوہ یوکرین مشرق وسطیٰ میں اپنے ماہرین کی تعیناتی کے بدلے مالی معاوضہ اور تکنیکی شراکت داری بھی چاہتا ہے۔ یہ ٹیمیں اسرائیل، امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے دوران ایرانی ڈرونز کو ناکارہ بنانے میں مدد کے لیے بھیجی گئی تھیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق زیلینسکی نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا کہ تین ماہر ٹیمیں خطے میں بھیجی گئی ہیں تاکہ وہ تکنیکی جائزہ لیں اور ڈرون دفاعی نظام کی کارکردگی کا عملی مظاہرہ کریں۔ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مشرق وسطیٰ کے ممالک، جو امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کر رہے ہیں، ایران کی جانب سے مسلسل نشانے پر ہیں۔مشن کی نوعیت واضح کرتے ہوئے زیلینسکی نے کہا کہ یہ کسی جنگی کارروائی میں شامل ہونے کے بارے میں نہیں ہے۔ ہم ایران کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں ہیں۔
گزشتہ ہفتے یوکرینی صدر نے اعلان کیا تھا کہ فوجی اہلکاروں کو مختلف مقامات پر بھیجا گیا ہے، جن میں قطر، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈہ شامل ہے۔ الجزیرہ کے مطابق زیلینسکی خلیجی ممالک کے ساتھ طویل مدتی ڈرون معاہدوں پر بات چیت کے خواہاں ہیں، تاہم اس کے بدلے یوکرین کو کیا حاصل ہوگا، اس کی تفصیلات ابھی طے نہیں ہوئیں۔
یوکرین کی بنیادی ضروریات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے لیے ٹیکنالوجی اور مالی وسائل دونوں اہم ہیں۔روس اور یوکرین کے درمیان چار سالہ جنگ کے دوران ماسکو نے بارہا ایرانی ساختہ شاہد-136 "خودکش" ڈرونز کا استعمال کیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق اس تجربے نے یوکرین کو بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کو کم لاگت والے انٹرسیپٹرز، الیکٹرانک جیمنگ آلات اور فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکنے میں مہارت دی ہے۔
اس مہارت کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ واشنگٹن کو امریکی مفادات کے خلاف ایرانی ڈرون حملوں سے نمٹنے کے لیے یوکرین کی مدد درکار نہیں۔ زیلینسکی نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ واشنگٹن کے ساتھ ڈرون معاہدہ، جس کی یوکرین کئی ماہ سے کوشش کر رہا ہے، اب تک طے کیوں نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ میں تقریباً 35 سے 50 ارب ڈالر کا معاہدہ کرنا چاہتا تھا۔
الجزیرہ کے مطابق یوکرینی صدر نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتا ہوا بحران کییف کو فضائی دفاعی میزائلوں کی فراہمی کو متاثر کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہرگز نہیں چاہتے کہ امریکہ مشرق وسطیٰ کی وجہ سے یوکرین کے مسئلے سے پیچھے ہٹ جائے۔بین الاقوامی سطح پر یوکرینی ڈرون ٹیکنالوجی میں بڑھتی دلچسپی کے پیش نظر زیلینسکی نے زور دیا کہ خریداری کے قوانین کو مزید سخت بنایا جانا چاہیے تاکہ غیر ملکی ادارے حکومت کو نظر انداز نہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا، "بدقسمتی سے کچھ حکومتوں یا کمپنیوں کے نمائندے یوکرینی ریاست کو نظر انداز کر کے مخصوص ساز و سامان خریدنا چاہتے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق زیلینسکی نے کہا کہ "آزاد ممالک" میں بھی اکثر ابتدائی معاہدے نجی شعبے سے براہ راست نہیں آتے بلکہ پہلے "سیاسی چینل" کے ذریعے ان تک پہنچتے ہیں، جس کے بعد نجی شعبے کی بات چیت شروع ہوتی ہے۔