نئی دہلی: کڑکڑڈوما عدالت نے شمال مشرقی دہلی فسادات کیس میں 9 افراد کو بری کر دیا جن میں طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم بھی شامل ہیں۔ عدالت نے تمام ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے الزامات سے آزاد کر دیا۔
یہ معاملہ سال 2020 میں تھانہ دیال پور میں درج ایک ایف آئی آر سے متعلق ہے جس میں کئی شکایات کو شامل کیا گیا تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج پروین سنگھ نے شاہ عالم راشد سیفی محمد شاداب حبیب عرفان سہیل سلیم عرف آشو ارشاد اور اظہر عرف سونو کو تمام الزامات سے بری کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے 30 مارچ کو اپنے حکم میں کہا کہ گواہوں کے بیانات پر انحصار کرنا محفوظ نہیں ہے اس لئے ملزمان کو شک کا فائدہ دیا جاتا ہے اور انہیں تمام الزامات سے بری کیا جاتا ہے۔
یہ کیس ایک کار کی توڑ پھوڑ مسافروں کو زخمی کرنے ایک موٹر سائیکل کو جلانے ایک ریڑھی کو نقصان پہنچانے اور دیگر جرائم سے متعلق تھا۔
فیصلہ سناتے ہوئے جج نے واقعہ کی تاریخ اور گواہوں کے بیانات میں تضاد کی نشاندہی کی۔ عدالت نے کہا کہ استغاثہ کا پورا کیس تین گواہوں پر مبنی ہے جن میں نریش کانسٹیبل گیان اور ہیڈ کانسٹیبل سنیل شامل ہیں۔
عدالت کے مطابق ان گواہوں کے بیانات عمومی نوعیت کے ہیں اور ان میں واضح تفصیل کی کمی ہے۔ خاص طور پر انہوں نے انووا کرسٹا کار کے واقعہ کی جگہ اور رائل موٹرز کے واقعہ کی تاریخ کے بارے میں غلط بیانی کی ہے۔
یہ ایف آئی آر وویک پاٹھک کی شکایت پر درج کی گئی تھی جنہوں نے الزام لگایا تھا کہ 24 فروری 2020 کو جب وہ غازی آباد سے فرید آباد جا رہے تھے اور چاند باغ پہنچے تو سیکڑوں افراد نے ان کی گاڑی کو گھیر لیا اور توڑ پھوڑ کی جس سے وہ اور دیگر افراد زخمی ہوئے۔
تحقیقات کے دوران سب انسپکٹر ممتاز علی اور سلیم احمد کی شکایات کو بھی اسی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا۔ ممتاز علی کے مطابق ان کی موٹر سائیکل احتجاجی مقام کے قریب کھڑی تھی جسے فسادات کے دوران جلا دیا گیا۔ سلیم احمد کے مطابق چاند باغ میں ان کی رائل موٹرز نامی دکان کو 24 فروری 2020 کو تقریباً 3 بجے جلا دیا گیا۔
اس کے علاوہ رادھا رانی راجو اور محمد اشراق کی شکایات کو بھی شامل کیا گیا تاہم راجو کی شکایت ریکارڈ پر ثابت نہیں ہو سکی۔