سری نگر
نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے انڈیا اتحاد (انڈیابلاک)، خاص طور پر کانگریس کی جانب سے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے معاملے میں "متوقع جوش و خروش کے ساتھ حمایت نہ کرنے" پر گہری مایوسی کا اظہار کیا ہے۔اپوزیشن اتحاد کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ ان کی پارٹی اتحاد کی ایک پُرعزم رکن ہے، لیکن یہ اتحاد اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے جموں و کشمیر کے مسائل پر مضبوط اور متحدہ حکمت عملی کے فقدان کو بھی اتحاد کے اندر ایک اہم مسئلہ قرار دیا۔انہوں نے انٹرویو میں کہا کہ یہ ہماری اس قومی اتحاد سے سب سے بڑی شکایت رہی ہے... ہمیں امید تھی کہ وہ زیادہ شدت کے ساتھ ہمارے مقصد کے لیے لڑیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ یہ واقعی افسوسناک ہے کہ بڑی پارٹی انڈین نیشنل کانگریس نے وہ کردار ادا نہیں کیا جس کی ہمیں اس سے توقع تھی۔
انہوں نے اتحاد سے مطالبہ کیا کہ وہ محض انتخابی اتحاد سے آگے بڑھ کر کام کرے اور ملک کے "نظر انداز کیے گئے" مستقبل کے مسائل پر بات چیت کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ ہم بی جے پی کا حصہ نہیں ہیں اور نہ کبھی ہوں گے۔ ہم انڈیا بلاک کا حصہ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ انتخابات کے بعد یہ اتحاد دوبارہ اکٹھا ہوگا اور نہ صرف قومی مسائل بلکہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کے مسئلے کو بھی زیادہ مضبوطی سے اٹھائے گا۔
جموں و کشمیر کے تین بار وزیر اعلیٰ رہ چکے فاروق عبداللہ نے کہا کہ انڈیا بلاک کے اجلاسوں کا باقاعدگی سے ہونا "انتہائی ضروری" ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد صرف انتخابات کے لیے نہیں ہے، بلکہ اس ملک کے مستقبل کے لیے ہے، جسے بعض اوقات نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ یہ کہتے ہوئے مجھے بہت افسوس ہو رہا ہے۔موجودہ جمہوری حالات اور نوجوان قیادت کے لیے سیاسی ماحول سے متعلق سوال پر انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ اپوزیشن ابھی تک ایسا لیڈر سامنے نہیں لا سکی جو وزیر اعظم نریندر مودی کے چیلنج کا مقابلہ کر سکے۔انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے درمیان جا کر زیادہ مضبوط انداز میں کام کریں، "ایئر کنڈیشنڈ دفاتر چھوڑیں" اور عام لوگوں کی طرح "گرمی اور دھول" کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی سیاست 50 سال پہلے کی سیاست سے بہت مختلف ہے، اور آج "ہمارے پاس گاندھی، نہرو یا اندرا جیسے رہنما نہیں ہیں۔
فاروق عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ مختلف ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد مرکز جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی پر فیصلہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اور حکومت پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ دونوں میں ریاستی حیثیت بحال کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وہ اس میں کتنا وقت لیں گے، یہ کہنا مشکل ہے۔ وزیر اعلیٰ (عمر عبداللہ) کو بھی یقین دہانیاں دی گئی ہیں، اور ہمارے اراکین پارلیمنٹ کو بھی، جنہوں نے وزیر داخلہ (امیت شاہ) سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ریاستی انتخابات مکمل ہونے کے بعد وہ اس معاملے کو اٹھائیں گے۔
اس سوال پر کہ کیا ان کی پارٹی ریاستی حیثیت کی بحالی کے ٹائم لائن کے حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی، عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جانب سے بار بار یقین دہانیاں دی گئی ہیں، لیکن کوئی واضح تاریخ سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ اگر پیش رفت نہ ہوئی تو پارٹی عدالت سے رجوع کر سکتی ہے۔سپریم کورٹ نے دسمبر 2023 میں ہدایت دی تھی کہ ریاستی حیثیت "جلد از جلد" بحال کی جائے۔پانچ ججوں پر مشتمل آئینی بنچ، جس کی سربراہی اُس وقت کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کر رہے تھے، نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو برقرار رکھتے ہوئے تین متفقہ فیصلے سنائے تھے۔
عدالت نے ہدایت دی تھی کہ 30 ستمبر 2024 تک جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کرائے جائیں اور ریاستی حیثیت جلد بحال کی جائے۔فاروق عبداللہ نے اشارہ دیا کہ اگر سیاسی یقین دہانیاں پوری نہ ہوئیں تو نیشنل کانفرنس قانونی راستہ اختیار کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، "اگر آگے پیش رفت نہیں ہوتی تو منطقی نتیجہ یہی ہوگا... پھر ہمارے پاس صرف سپریم کورٹ کا راستہ رہ جائے گا۔
مرکز کے ساتھ تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ حکومت سے حکومت کے تعلقات موجود ہیں اور حال ہی میں دیہی سڑکوں کے لیے ایک اچھا پیکیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مسائل ابھی بھی زیر التوا ہیں، لیکن انہیں یقین ہے کہ آہستہ آہستہ ان پر بھی کام ہوگا۔
تقریباً پانچ دہائیوں کے سیاسی تجربے رکھنے والے فاروق عبداللہ نے نوجوان رہنماؤں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے لوگوں اور آج کے رہنماؤں سے کہوں گا کہ جو بھی کریں ایمانداری سے کریں اور سیدھے رہیں۔ عوام کو دھوکہ نہ دیں، کیونکہ لوگ ہماری سوچ سے کہیں زیادہ سمجھدار ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ غربت اور جہالت کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھیں، چاہے "ہر سمت سے دشمن" ان کا راستہ بدلنے کی کوشش کریں۔