دہرادون
اتراکھنڈ کے محکمہ خوراک اور شہری رسد کے ایڈیشنل کمشنر پی ایس پانگتی نے ہفتے کے روز عوام کو یقین دلایا کہ ریاست میں گھریلو یا تجارتی ایل پی جی گیس اور سی این جی کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلب کے مطابق سپلائی برقرار رکھی جا رہی ہے۔
اے این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پانگتی نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی حالات کے باعث کچھ مشکلات ضرور سامنے آئی تھیں، لیکن اتراکھنڈ میں ایندھن کی فراہمی کی صورتحال مستحکم ہے۔انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ میں گیس، سی این جی، پٹرول یا ڈیزل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت پوری ریاست میں طلب کے مطابق گھریلو اور تجارتی دونوں اقسام کی گیس دستیاب ہے۔
پانگتی نے یہ بھی کہا کہ چار دھام یاترا کے راستوں پر بھی ایندھن کی مناسب سپلائی پہنچ رہی ہے اور ہوٹل مالکان کو سلنڈر نہ ملنے کے خدشات دور کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چار دھام یاترا بخوبی جاری ہے۔ یاترا کے تمام راستوں پر ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی ہو رہی ہے۔ ہمارے پاس طلب کے مطابق تجارتی اور گھریلو دونوں طرح کے سلنڈر موجود ہیں۔
دوسری جانب، آج ملک کے بڑے شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا۔ عالمی توانائی منڈی میں جاری اتار چڑھاؤ کے درمیان دس دن سے بھی کم عرصے میں ایندھن کی قیمتوں میں یہ تیسرا اضافہ ہے۔
نئی دہلی میں پٹرول کی قیمت 87 پیسے بڑھ کر 99.51 روپے فی لیٹر ہو گئی، جبکہ ڈیزل 91 پیسے اضافے کے بعد 92.49 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا۔کولکتہ میں پٹرول 94 پیسے مہنگا ہو کر 110.64 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 95 پیسے بڑھ کر 97.02 روپے فی لیٹر ہو گیا۔
ممبئی میں پٹرول کی قیمت میں 90 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 108.49 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا، جبکہ ڈیزل 94 پیسے مہنگا ہو کر 95.02 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔چنئی میں پٹرول 82 پیسے بڑھ کر 105.31 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 87 پیسے اضافے کے بعد 96.98 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایندھن کی بچت کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے باعث دنیا توانائی کے بحران سے دوچار ہے، جس کے نتیجے میں ایک اہم سمندری تجارتی گزرگاہ، آبنائے ہرمز، متاثر ہوئی ہے۔28 فروری کو شروع ہونے والی امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے بعد سے برینٹ خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ بلندی پر برقرار ہیں۔ برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار ہے، جبکہ امریکہ اور ایران خطے میں طویل المدتی جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔
اس پس منظر میں انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ (آئی او سی ایل)، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل) اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) جیسی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے بتایا کہ پورے ہندوستان میں ایندھن اور ایل پی جی کی سپلائی بلا تعطل جاری ہے۔
کمپنیوں نے یقین دلایا کہ ان کے پاس وافر ذخائر موجود ہیں اور نظام میں کسی قسم کی کمی نہیں ہے، اگرچہ بعض پٹرول پمپوں پر طلب میں اضافہ ضرور دیکھا گیا ہے۔
اس کے علاوہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذرائع نے اے این آئی کو بتایا کہ روس سے آنے والے خام تیل کی سپلائی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور ہندوستان کے پاس پٹرولیم مصنوعات کے خاطر خواہ ذخائر موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق، پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی کوئی قلت نہیں ہے کیونکہ ہندوستان پٹرولیم مصنوعات کا خالص برآمد کنندہ ہے اور ان مصنوعات کی وافر مقدار دستیاب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض مقامات پر فروخت میں اضافہ موسمی طلب، خصوصاً فصل کی کٹائی کے دوران ڈیزل کی بڑھتی ضرورت، اور قیمتوں کے فرق کے باعث صارفین کا نجی ایندھن فروخت کنندگان سے سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب منتقل ہونے کا نتیجہ ہے۔