نئی دہلی
کانگریس کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے جمعرات کے روز کسی بھی صورت میں انتخابات کے بائیکاٹ کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر سوال اٹھایا اور کہا کہ کانگریس انتخابی میدان میں صرف اپنی سیاسی حریف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے ہی نہیں بلکہ الیکشن کمیشن سے بھی مقابلہ کر رہی ہے۔رمیش نے پی ٹی آئی ویڈیو کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کرکٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہم دوسری ٹیم (بی جے پی) اور امپائر (الیکشن کمیشن) دونوں کے خلاف کھیل رہے ہیں، کیونکہ امپائر غیر جانبدار نہیں ہے اور مخالف ٹیم کا حصہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنی جدوجہد جاری رکھنی چاہیے اور عوامی مسائل کو مسلسل اٹھاتے رہنا چاہیے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ 2029 کے انتخابات کا منظرنامہ اپوزیشن کے لیے کیسا دکھائی دیتا ہے اور الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری سے متعلق جو سوالات اپوزیشن اٹھا رہی ہے، ان سے کیسے نمٹا جائے گا، تو رمیش نے کہا کہ کرکٹ میچ میں دو ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہیں۔ یہاں ہم دوسری ٹیم اور امپائر دونوں کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ امپائر مخالف ٹیم کا حصہ ہے۔ آپ کیا کر سکتے ہیں؟ چیف امپائر اور اسکوائر لیگ امپائر، دونوں مخالف ٹیم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاں، یہ ایک مشکل صورتحال ہے۔ ہمیں انتخابات لڑنے ہیں۔ انتخابات کا بائیکاٹ ہمارے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گا۔ ہمیں الیکشن لڑنا ہوں گے۔ ہمیں حکومت کو بے نقاب کرنا جاری رکھنا ہوگا، عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹانا ہوگا۔ کبھی عدالتیں مدد کرتی ہیں اور کبھی مدد کرنے کے لیے کافی جرات کا مظاہرہ نہیں کرتیں۔رمیش نے کہا کہ یہ ایک طویل جدوجہد ہوگی۔ کامیابی کا کوئی فوری نسخہ نہیں ہے۔ ہمیں مسلسل لڑتے رہنا ہوگا، یہ مسائل اٹھاتے رہنا ہوں گے اور اب میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگ بھی سوالات اٹھانے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 12 سال قبل مختلف وجوہات کی بنا پر مودی حکومت کی حمایت کرنے والے طبقات بھی اب اس سے سوال پوچھنے لگے ہیں۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف طنز و مزاح اور لطیفے بنائے جا رہے ہیں۔ یہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ لوگ اب خوفزدہ نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ پہلے خوف اور دھمکی کا ماحول تھا، لیکن اب لوگ بولنے لگے ہیں اور معیشت کے مسائل بھی سامنے آ رہے ہیں۔رمیش کے مطابق لوگ اب حکومت سے سخت سوالات پوچھنے لگے ہیں اور یہی ایک چیز ہے جس پر ہم بھروسہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمیں وہی کرتے رہنا ہوگا جو ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے حلقہ بندی (ڈیلیمیٹیشن) کے عمل کے حوالے سے بھی حکومت کی نیت پر سوال اٹھایا۔رمیش نے کہا کہ آپ نے حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان ایک ’جوگلبندی‘ دیکھی ہے۔ الیکشن کمیشن وہی کرتا ہے جو وزیر داخلہ امت شاہ چاہتے ہیں۔ کیا آپ ایسے الیکشن کمیشن سے حلقہ بندی کروائیں گے جس پر بہار، مغربی بنگال اور اتر پردیش میں بڑے الزامات لگ چکے ہیں؟ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب چند روز قبل انہوں نے ووٹ کے حق کو بنیادی حق قرار دینے کی وکالت کی تھی۔
انٹرویو کے دوران رمیش نے 2004 کے لوک سبھا انتخابات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کانگریس نے نامساعد حالات کے باوجود کامیاب واپسی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ 2004 میں کسی کو امید نہیں تھی کہ کانگریس جیت جائے گی۔ ’ہندوستان اُدے‘ کا ماحول بنایا گیا تھا اور اٹل بہاری واجپئی ایک مضبوط اور کرشماتی رہنما تھے۔ اس کے باوجود کانگریس نے تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ایک طرح کا معجزہ کر دکھایا۔
رمیش نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے مشکل دور میں پارٹی کو متحد رکھا۔انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اپریل 1998 میں کانگریس کی صدر بنیں اور انہوں نے چیلنجوں سے بھرپور دور میں پارٹی کو متحد رکھا۔انہوں نے مزید کہا کہ 1999 سے 2004 تک سونیا گاندھی قائدِ حزبِ اختلاف رہیں اور اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں ان کا مرکزی کردار تھا۔
رمیش کے مطابق انہی کی کوششوں کے نتیجے میں متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) وجود میں آیا۔