نئی دہلی
بدھ کے روز سپریم کورٹ نے قومی نغمہ ‘وندے ماترم’ گانے سے متعلق وزارت داخلہ کے سرکلر کے خلاف دائر درخواست کو خارج کر دیا۔ عدالت نے کہا کہ عوامی مقامات اور تقریبات کے لیے جاری یہ ہدایات لازمی نہیں ہیں اور اس سرکلر کو چیلنج کرنے والی درخواست قبل از وقت دائر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئمالیہ باگچی اور جسٹس وپل پنچولی کی بنچ کے سامنے پیش ہوا۔ بنچ محمد سعید نوری کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن پر سماعت کر رہی تھی، جس میں 28 جنوری کو وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ‘وندے ماترم’ گانے سے متعلق سرکلر اور دفاتر و اسکولوں میں اس کے لیے بنائے گئے پروٹوکول کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ وزارت داخلہ کی ایڈوائزری میں ‘وندے ماترم’ نہ گانے پر کسی بھی قسم کی سزا کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ بنچ نے واضح کیا کہ یہ ہدایات صرف ایک پروٹوکول ہیں اور ان پر عمل کرنا لازمی نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر درخواست گزار کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی ہوتی ہے یا اسے گانا لازمی قرار دیا جاتا ہے، تب اس معاملے پر غور کیا جائے گا۔چیف جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ وہ نوٹس دکھایا جائے جس میں آپ کو قومی نغمہ گانے پر مجبور کیا گیا ہو۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آپ ایک اسکول چلاتے ہیں، اور یہ بھی واضح نہیں کہ وہ تسلیم شدہ ہے یا نہیں۔
درخواست گزار کی جانب سے سینئر وکیل سنجے ہیگڑے نے دلیل دی کہ جو شخص ‘وندے ماترم’ گانے یا اس کے دوران کھڑا ہونے سے انکار کرتا ہے، اس پر ہمیشہ دباؤ رہتا ہے اور مشورے کے نام پر لوگوں کو مجبور کیا جا سکتا ہے۔اس پر جسٹس باگچی نے کہا کہ یہ صرف ایک نقطۂ نظر ہے اور لوگ اس سے اختلاف کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کے خلاف کوئی کارروائی ہوتی ہے یا نوٹس جاری ہوتا ہے تو آپ دوبارہ عدالت آ سکتے ہیں۔ فی الحال یہ درخواست “امتیاز کے ایک غیر واضح خدشے” کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
ہندوستان کے سالیسٹر جنرل تشار مہتا، جو کسی اور معاملے میں عدالت میں موجود تھے، نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہمیں قومی نغمے کے احترام کے لیے بھی مشورہ دینے کی ضرورت ہے؟
وزارت داخلہ نے جاری کیے تھے رہنما اصول
وزارت داخلہ نے 28 جنوری کو ایک حکم جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اب سرکاری تقریبات، اسکولوں اور دیگر رسمی پروگراموں میں ‘وندے ماترم’ بجایا جائے گا اور اس دوران ہر شخص کا کھڑا ہونا ضروری ہوگا۔ یہ حکم 28 جنوری کو جاری ہوا تھا، جبکہ میڈیا میں اس کی اطلاع 11 فروری کو سامنے آئی۔
حکم میں یہ بھی واضح کیا گیا تھا کہ اگر قومی نغمہ ‘وندے ماترم’ اور قومی ترانہ ‘جن گن من’ ایک ساتھ گائے یا بجائے جائیں تو پہلے ‘وندے ماترم’ پیش کیا جائے گا۔ اس دوران تمام افراد کو خبردار (سیدھی) حالت میں کھڑا رہنا ہوگا۔ نئے اصولوں کے مطابق ‘وندے ماترم’ کے تمام 6 بند گائے جائیں گے جن کا مجموعی دورانیہ 3 منٹ 10 سیکنڈ ہے، جبکہ اس سے پہلے صرف ابتدائی دو بند ہی گائے جاتے تھے۔