دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو نہیں جھکا سکتی: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-05-2026
دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو نہیں جھکا سکتی: مودی
دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو نہیں جھکا سکتی: مودی

 



سومناتھ
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز 1998 کے پوکھران ایٹمی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت ہندوستان کو جھکا نہیں سکتی اور نہ ہی دباؤ میں لا سکتی ہے۔بھگوان شیو کے مشہور سومناتھ مندر کی دوبارہ تعمیر کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ سومناتھ امرت مہوتسو کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں آج بھی ایسی طاقتیں سرگرم ہیں، جنہیں قومی خودداری سے زیادہ خوشامد اوراہم لگتا ہے، اور ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی مخالفت کے دوران بھی اسی طرح کی سوچ دیکھنے کو ملی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اگر 1947 میں ہندوستان آزاد ہوا تھا، تو 1951 میں سومناتھ کی پران پرتشتھا نے ہندوستان کی آزاد روح اور شعور کا اعلان کیا تھا۔مودی نے کہا کہ سومناتھ کا "امرت مہوتسو" صرف ماضی کا جشن نہیں، بلکہ اگلے ایک ہزار برسوں کے لیے ہندوستان کی تحریک اور حوصلے کا جشن بھی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ 11 مئی صرف سومناتھ مندر کی نئی شکل میں پران پرتشتھا کے لیے ہی اہم نہیں ہے، بلکہ اس لیے بھی اہم ہے کہ 1998 میں آج ہی کے دن سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی قیادت میں ہندوستان نے ایٹمی تجربات کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 11 مئی 1998، یعنی آج ہی کے دن، ملک نے پوکھران میں ایٹمی تجربہ کیا تھا۔ ہمارے سائنس دانوں نے ہندوستان کی طاقت اور صلاحیت کو دنیا کے سامنے پیش کیا، جس سے دنیا میں ہلچل مچ گئی۔مودی نے کہا کہ کئی ممالک اس سے ناراض ہو گئے، وہ پوچھنے لگے کہ ہندوستان کون ہوتا ہے جو ایٹمی تجربہ کرے۔ دنیا کی آنکھیں سرخ ہو گئیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا بھر کی طاقتیں ہندوستان کو دبانے کے لیے میدان میں اتر آئیں۔ مختلف قسم کی پابندیاں لگائی گئیں۔ ممکنہ اقتصادی بحران سے بچنے کے ہر راستے کو روکنے کی کوشش کی گئی۔
مودی نے کہا کہ ایسے حالات میں کئی ممالک ڈگمگا جاتے، لیکن ہندوستان مضبوطی سے کھڑا رہا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہل جاتا۔ جب دنیا بھر کی بڑی بڑی طاقتیں اتنا بڑا حملہ کر دیں، تو آگے کے راستے دکھائی نہیں دیتے۔ لیکن ہم کسی اور مٹی کے بنے ہوئے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ 11 مئی کو سائنس دانوں نے اپنا کام کر لیا تھا، لیکن 13 مئی کو مزید دو ایٹمی تجربات کیے گئے، جس سے دنیا کو معلوم ہوا کہ ہندوستان کی سیاسی قوتِ ارادی کتنی مضبوط اور اٹل ہے۔
انہوں نے عالمی دباؤ کے سامنے نہ جھکنے پر اُس وقت کی واجپائی حکومت کی تعریف کی۔مودی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کا دباؤ ہندوستان پر تھا، لیکن اٹل جی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے دکھایا تھا کہ ہمارے لیے قوم سب سے پہلے ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو جھکا نہیں سکتی، نہ ہی دباؤ میں لا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سومناتھ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کوئی بھی قوم تبھی طویل عرصے تک مضبوط رہ سکتی ہے، جب وہ اپنی جڑوں سے جڑی رہے۔مودی نے اس موقع پر ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔انہوں نے کہا کہ لٹیروں نے سومناتھ مندر کی شان و شوکت مٹانے کی کوشش کی، وہ سومناتھ کو صرف ایک مادی ڈھانچہ سمجھ کر اس سے ٹکراتے رہے۔ بار بار اس مندر کو توڑا گیا، لیکن یہ بار بار بنتا رہا اور ہر بار دوبارہ کھڑا ہو گیا۔مودی نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں آج بھی ایسی طاقتیں موجود ہیں، جنہیں قومی خودداری سے زیادہ خوشامد ضروری لگتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رام مندر کی تعمیر جیسے مواقع پر بھی ہم نے دیکھا کہ کس طرح اس کی مخالفت کی گئی۔ ہمیں ایسی ذہنیت سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ اس طرح کی تنگ نظر سیاست کو پیچھے چھوڑنا ہوگا۔ ہمیں ترقی اور ورثے کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ہندوستان کے پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد نے سومناتھ مندر کی دوبارہ تعمیر کے لیے کئی کوششیں کی تھیں، لیکن انہیں اُس وقت کے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں ورثے اور ترقی دونوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ہمارے ثقافتی مراکز کو نظر انداز کرنے نے دراصل ہماری ترقی کو متاثر کیا ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے "سومناتھ امرت مہوتسو" کے تحت سومناتھ مندر میں مہاپوجا اور دیگر مذہبی رسومات میں حصہ لیا۔انہوں نے اس سے پہلے ہیلی پیڈ سے مندر کے قریب واقع ویر ہمیراجی چوراہے تک تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر طویل راستے پر روڈ شو بھی کیا۔