دہلی میں کوئی محفوظ نہیں:اروندکجریوال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-08-2025
دہلی میں کوئی محفوظ نہیں:اروندکجریوال
دہلی میں کوئی محفوظ نہیں:اروندکجریوال

 



نئی دہلی [ہندستان]: دہلی کے سابق وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے سربراہ اروند کجریوال نے ہفتے کو قومی دارالحکومت میں امن و قانون کی صورتحال کو لے کر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی پر زبردست تنقید کی، جب کہ دہلی کے کالکا جی مندر کے ایک سیوادار کو ’چنی پرساد‘ کے تنازعے پر قتل کر دیا گیا۔

کجریوال نے ایکس پر لکھا:کیا ان بدمعاشوں کے ہاتھ نہیں کانپے جب انہوں نے کالکا جی مندر کے اندر ایک سیوادار کا بے رحمی سے قتل کر دیا؟ اگر یہ امن و قانون کی ناکامی نہیں ہے، تو پھر کیا ہے؟ انہوں نے مزید کہا: بی جے پی کے چار انجنوں نے دہلی کو اس حالت تک پہنچا دیا ہے کہ اب ایسے واقعات مندروں کے اندر بھی ہونے لگے ہیں۔ کیا دہلی میں کوئی محفوظ ہے یا نہیں؟

اے اے پی دہلی کے صدر سوربھ بھاردواج نے الزام لگایا کہ دہلی پولیس صرف شریف شہریوں کو ڈراتی اور دھمکاتی ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا: دہلی کی صورتحال دن بدن خراب ہو رہی ہے۔ پولیس صرف سیاسی کاموں میں مصروف ہے۔ وہ صرف شریف عوام کو ڈراتی اور دھمکاتی ہے۔ چور، غنڈے اور بدمعاش پولیس سے بالکل نہیں ڈرتے۔ ان کا خیال ہے کہ سب کچھ پیسے سے سلجھایا جا سکتا ہے۔ ہم پولیس کمشنر سے وقت مانگ رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق دہلی کے کالکا جی مندر کے سیوادار کی شناخت یوگیندر سنگھ (35) کے طور پر ہوئی ہے، جسے ’چنی پرساد‘ کے جھگڑے میں قتل کیا گیا۔ یوگیندر سنگھ اترپردیش کے ہردوئی کے رہنے والے تھے اور گزشتہ 14 سے 15 برسوں سے کلاکا جی مندر میں خدمت انجام دے رہے تھے۔ پولیس کو رات تقریباً 9:30 بجے پی سی آر کال موصول ہوئی، جس کے بعد فوراً ٹیم موقع پر پہنچی۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم درشن کے لیے کلاکا جی مندر آئے تھے۔ انہوں نے یوگیندر سنگھ سے ’چنی پرساد‘ مانگا، جس پر بحث چھڑ گئی۔ معاملہ بگڑ گیا اور ملزمان نے لاٹھی اور مکوں سے ان پر حملہ کر دیا۔ زخمی کو فوراً ایمس ٹراما سینٹر لے جایا گیا، جہاں دورانِ علاج وہ چل بسے۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں دفعہ 103(1)/3(5) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ملزمان میں سے ایک، اَتُل پانڈے (عمر 30 برس، سکونت دکشن پوری) کو موقع پر موجود عوام نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دیگر ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے اور انہیں گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ کالکا جی مندر کے ایک اور سیوادار، راجو نے اے این آئی کو بتایا: میری جانکاری کے مطابق رات تقریباً 9 بجے کے قریب، 10-15 لوگ دھرم شالہ سے اسے لے گئے۔ ان کے پاس لوہے کی سلاخیں اور ڈنڈے تھے، اور انہوں نے اسے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔

مرنے والے کا نام یوگیش تھا… وہ پرساد مانگ رہے تھے، یوگیش نے کہا کہ چند منٹ انتظار کرو، اس پر انہوں نے دھمکانا شروع کر دیا… جب بھی یہ لوگ مندر آتے تھے، جارحانہ رویہ رکھتے اور چاہتے تھے کہ ہم فوراً ان کی مرضی کے مطابق سب کچھ دے دیں۔