فی الحال ٹرمپ کے ہندوستان آنے کی کوئی اطلاع نہیں:وزارت خارجہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-11-2025
فی الحال ٹرمپ کے ہندوستان آنے کی کوئی اطلاع نہیں:وزارت خارجہ
فی الحال ٹرمپ کے ہندوستان آنے کی کوئی اطلاع نہیں:وزارت خارجہ

 



نئی دہلی: وزارتِ خارجہ نے پاکستان اور امریکہ جیسے ممالک کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات پر بیان دیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر، جو ہندوستان کے جوہری تجربات سے متعلق تھا، کہا کہ ہندوستان اس معاملے سے پوری طرح باخبر ہے۔ انہوں نے کہا، "خفیہ اور غیر قانونی جوہری سرگرمیاں پاکستان کی تاریخ کا حصہ رہی ہیں۔"

پاکستان کے جوہری پروگرام کے بانی اور سائنس دان عبدالقادر خان (اے کیو خان) کا حوالہ دیتے ہوئے جیسوال نے کہا کہ دہائیوں سے پڑوسی ملک کی پالیسیاں اسمگلنگ، برآمداتی قوانین کی خلاف ورزی، خفیہ شراکت داریوں، اے کیو خان نیٹ ورک، اور جوہری پھیلاؤ پر مرکوز رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان سے متعلق ان پہلوؤں کی طرف ہمیشہ بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کرائی ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان کے ممکنہ دورے سے متعلق سوال پر وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا، جہاں تک صدر ٹرمپ کی ہندوستان آمد کے بارے میں تبصرے کا تعلق ہے، میرے پاس اس وقت اس سلسلے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ جب کچھ شیئر کرنے کے لیے ہوگا تو میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

قابلِ ذکر ہے کہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ان کی وزیراعظم نریندر مودی سے گفتگو بہت اچھی چل رہی ہے اور وہ جلد ہی ہندوستان کے دورے پر آ سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ "ہندوستان نے روس سے تیل خریدنا کافی حد تک بند کر دیا ہے۔ مودی میرے دوست ہیں، ہم بات کرتے رہتے ہیں اور انہوں نے مجھے ہندوستان آنے کی دعوت دی ہے۔ ہم تاریخ طے کریں گے... وزیراعظم مودی ایک عظیم انسان ہیں اور میں ہندوستان جاؤں گا۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو فعال طور پر جوہری ہتھیاروں کا تجربہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک کی یہی روش ظاہر کرتی ہے کہ امریکہ کے لیے بھی اپنے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنا ضروری ہو گیا ہے۔

سی بی ایس نیوز کے پروگرام "60 منٹس" کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ "روس، چین، شمالی کوریا اور پاکستان جیسے ممالک جوہری تجربات کر رہے ہیں، جبکہ امریکہ واحد ملک ہے جس نے انہیں روک رکھا ہے۔ ٹرمپ نے کہا، روس تجربہ کر رہا ہے، چین بھی کر رہا ہے، لیکن وہ اس کے بارے میں بات نہیں کرتے۔ ہم ایک کھلا معاشرہ ہیں، اس لیے ہم بات کرتے ہیں۔ جب باقی ممالک تجربے کر رہے ہیں، تو ہمیں بھی کرنے ہوں گے۔