اس سال کمپنی بھر میں مزید کوئی چھانٹی نہیں: مارک زکربرگ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-05-2026
اس سال کمپنی بھر میں مزید کوئی چھانٹی نہیں: مارک زکربرگ
اس سال کمپنی بھر میں مزید کوئی چھانٹی نہیں: مارک زکربرگ

 



سان فرانسسکو 
میٹا کے سی ای اوارک زکربرگ نے کمپنی کے ملازمین کو آگاہ کیا ہے کہ رواں سال مزید وسیع پیمانے پر ملازمین کی چھانٹی نہیں کی جائے گی۔ یہ اطلاع خبر رساں ادارے رائٹرز نے دی ہے۔
انہوں نے یہ بات اسی روز ملازمین کو بتائی جب سوشل میڈیا کی بڑی کمپنی  میٹا نے بڑے پیمانے پر تنظیمِ نو کے عمل کے تحت اپنے تقریباً 10 فیصد ملازمین کو فارغ کر دیا۔
رائٹرز کے مطابق ملازمین کو بھیجے گئے ایک داخلی میمو میں زکربرگ نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں اس سال کمپنی بھر میں مزید چھانٹیوں کی توقع نہیں ہے۔ میں یہ بھی تسلیم کرنا چاہتا ہوں کہ ہم اپنی بات چیت میں اتنے واضح نہیں رہے جتنا ہمیں ہونا چاہیے تھا، اور یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں میں بہتری لانا چاہتا ہوں۔
تنظیمِ نو کے منصوبے کے تحت میٹا تقریباً 7,000 ملازمین کو مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق نئی ذمہ داریوں میں منتقل کرے گا۔ زکربرگ نے ملازمین سے کہا کہ اے آئی کے دور میں کامیابی یقینی نہیں ہے اور یہ ایک فیصلہ کن مرحلہ ہے جو آنے والی نسل کی سمت متعین کرے گا۔
این بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق زکربرگ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ہماری زندگیوں کی سب سے اہم ٹیکنالوجی ہے۔ جو کمپنیاں اس میدان میں قیادت کریں گی، وہی اگلی نسل کی تعریف متعین کریں گی۔این بی سی کی رپورٹ کے مطابق اپریل میں جاری کیے گئے ایک داخلی میمو میں فیس بک کے بانی نے تنظیمِ نو کے منصوبے کی تفصیلات بیان کی تھیں، جن میں تقریباً 8,000 ملازمتوں کا خاتمہ اور 6,000 خالی آسامیوں کو نہ بھرنے کا فیصلہ شامل تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات اے آئی میں کی گئی بھاری سرمایہ کاری کے اخراجات کو متوازن کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
بدھ کے روز اپنے پیغام میں زکربرگ نے کہا کہ میں نے اپنی صنعت کو اس سے زیادہ متحرک کبھی نہیں دیکھا۔ میں ان تمام منصوبوں کے بارے میں پُرامید ہوں جن کے ذریعے ہم اربوں لوگوں کو اپنی رائے کے اظہار اور اپنے عزیزوں سے رابطے کی مزید طاقت فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کمپنی سے فارغ کیے گئے ملازمین کی خدمات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور اعتراف کیا کہ کمپنی اپنے فیصلوں اور پالیسیوں کے حوالے سے اتنی شفاف نہیں رہی جتنا وہ چاہتے تھے۔
دوسری جانب سیلیکون ویلی کی متعدد بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بھی حالیہ مہینوں میں بڑے پیمانے پر ملازمین کی چھانٹیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان فیصلوں کی ایک بڑی وجہ مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی لہر کو قرار دیا جا رہا ہے، جس نے پوری ٹیکنالوجی صنعت کو نئی سمت میں دھکیل دیا ہے۔لنکڈ ان نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ 600 سے زائد ملازمین کو فارغ کر رہا ہے۔ اے آئی کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ٹیکنالوجی شعبے میں متعدد ملازمتیں ختم کی جا رہی ہیں، جس سے بہت سے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال سے ان کی ملازمتیں متاثر ہو سکتی ہیں۔