گجرات میں ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں، 4 لاکھ سے زیادہ سلنڈر اسٹاک میں: حکومت

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-03-2026
گجرات میں ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں، 4 لاکھ سے زیادہ سلنڈر اسٹاک میں: حکومت
گجرات میں ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں، 4 لاکھ سے زیادہ سلنڈر اسٹاک میں: حکومت

 



گاندھی نگر
گجرات حکومت نے جمعہ کے روز مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے باعث ایل پی جی اور قدرتی گیس کی قلت سے متعلق اپوزیشن کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ ریاست کے پاس چار لاکھ سے زیادہ گیس سلنڈروں کا ذخیرہ موجود ہے۔اس سے قبل دن میں کانگریس کے اراکینِ اسمبلی نے اسمبلی کمپلیکس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گھریلو خواتین کو ایل پی جی سلنڈر 450 روپے میں فراہم کیے جائیں۔
کانگریس کے سینئر رکن اسمبلی شیلش پرمار نے ایوان میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث ریاست میں ایل پی جی، پی این جی اور سی این جی کی دستیابی کے بارے میں شہریوں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا كہ خلیجی خطے میں جنگ کے باعث ریاست میں گیس سلنڈروں کے حوالے سے ایک صورتحال پیدا ہو گئی ہے، چاہے وہ ایل پی جی ہو، پی این جی ہو یا سی این جی۔ جنگ ابھی شروع ہی ہوئی ہے اور ابتدائی دنوں میں ہی حکومت لوگوں کو یقین دہانیاں دے رہی ہے۔ ہزاروں لوگ گیس ایجنسیوں اور دیگر مقامات پر قطاروں میں کھڑے ہیں۔بحث کے دوران اسمبلی کے اسپیکر شنکر چودھری نے پرمار کو یاد دلایا کہ گیس سپلائی سے متعلق معاملات مرکزی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، تاہم کانگریس رکن اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ گیس ایجنسیوں اور سپلائی سے متعلق مسائل پر ایوان میں بحث ہو سکتی ہے۔
پرمار کے بیان پر اعتراض کرتے ہوئے ریاستی وزیرِ جنگلات و ماحولیات ارجن مودھواڈیا نے کہا کہ درست معلومات ریکارڈ پر آنی چاہئیں تاکہ عوام کو گیس کی دستیابی کے بارے میں گمراہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی تھی اور یہ واضح کیا گیا کہ موربی علاقے کی سیرامک صنعتوں کے لیے گیس کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے کہا كہ کل ہی ہم وزیر اعلیٰ اور موربی ضلع کے ٹنکارا حلقے کے رکن اسمبلی کے ساتھ بیٹھے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے خود کہا کہ اس وقت موربی کی صنعتوں کے لیے گیس کی بالکل بھی کمی نہیں ہے۔ فیکٹریوں کے لیے بھی کسی قسم کی گیس کی قلت نہیں ہے۔
مودھواڈیا نے خبردار کیا کہ قلت کے بارے میں بیانات سے عوام میں خوف پیدا ہو سکتا ہے اور اس کے نتیجے میں گیس ایجنسیوں کے باہر قطاریں لگ سکتی ہیں۔انہوں نے کہا، “جنگ جیسی صورتحال یقیناً تجارت اور کاروبار پر اثر ڈالتی ہے، لیکن جیسے ہی گیس کی کمی کی بات کی جاتی ہے تو اگلے ہی دن خوف کی وجہ سے گیس ایجنسیوں کے باہر لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔
قانونی و پارلیمانی امور کے وزیر رشیکیش پٹیل نے بھی اس معاملے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی سپلائی بنیادی طور پر مرکزی حکومت کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔
وزیر نے بتایا کہ ایل پی جی سلنڈر چار سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں اور اسمبلی میں دیے گئے بیانات پورے ریاست پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔بعد میں خوراک اور شہری رسد کے وزیر رامن بھائی سولنکی نے ایوان میں تفصیلی وضاحت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ریاست میں ایل پی جی کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ایشیا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت اور محکمہ مسلسل حالات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ عوام کو گیس کی مناسب فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ریاست میں تقریباً 4,16,504 ایل پی جی سلنڈروں کا ذخیرہ موجود ہے۔ ان میں سے انڈین آئل کارپوریشن کے پاس 1,66,128، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے پاس 1,50,009 اور ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے پاس 1,00,367 سلنڈر موجود ہیں۔
سولنکی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت گھروں، اداروں اور اسپتالوں کو گیس کی مناسب فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا كہ حقیقت یہ ہے کہ خبروں میں جو کچھ دکھایا جا رہا ہے، اس کے علاوہ عملی طور پر کہیں سے بھی کسی شکایت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔اس سے قبل دن میں تقریباً ایک درجن کانگریس اراکین اسمبلی نے اسمبلی کمپلیکس کی سیڑھیوں پر اس مسئلے کے خلاف احتجاج کیا۔
ان اراکین میں امیت چاودا اور تشّر چودھری بھی شامل تھے۔ انہوں نے ایل پی جی سلنڈر اور پلے کارڈ اٹھا کر نعرے بازی کی۔کانگریس رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج اسمبلی اجلاس کے دوران اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ گجرات میں گھریلو خواتین کو ایل پی جی سلنڈر 450 روپے میں فراہم کیا جائے۔