کوئی وکیل نہیں، انصاف نہیں، صرف ستیہ گرہ: سسودیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-04-2026
کوئی وکیل نہیں، انصاف نہیں، صرف ستیہ گرہ: سسودیا
کوئی وکیل نہیں، انصاف نہیں، صرف ستیہ گرہ: سسودیا

 



نئی دہلی
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے بعد اب پارٹی کے سینئر رہنما منیش سسودیا نے بھی جسٹس سوارن کانتا کو ایک خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ان کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا اور انہوں نے انصاف ملنے پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سسودیا نے اپنے خط میں لکھا کہ میری طرف سے بھی کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا۔ آپ کے بچوں کا مستقبل تشار مہتا جی کے ہاتھ میں ہے۔ ایسی صورت میں مجھے آپ سے انصاف کی امید نہیں ہے۔ میرے پاس ستیہ گرہ کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب اس سے پہلے کیجریوال نے بھی اسی طرح کا خط لکھ کر قانونی کارروائی پر سوالات اٹھائے تھے۔ عام آدمی پارٹی نے اس معاملے میں اپنا موقف برقرار رکھتے ہوئے عمل میں جانبداری کا الزام لگایا ہے۔
کیجریوال کے خط میں، جسے انہوں نے جج اور عدالتی ادارے کے لیے "انتہائی احترام" کے ساتھ لکھا، کہا گیا ہے کہ ان کا فیصلہ بغاوت نہیں بلکہ ضمیر کی آواز پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدلیہ کے ادارے پر ان کا اعتماد برقرار ہے، لیکن موجودہ کیس میں شفافیت کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔
یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب دہلی ہائی کورٹ نے کیجریوال کی وہ درخواست مسترد کر دی جس میں انہوں نے جسٹس شرما سے خود کو مقدمے سے الگ کرنے کی اپیل کی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ الزامات قانونی معیار پر پورا نہیں اترتے اور یہ ثبوت کے بجائے محض قیاس آرائی پر مبنی ہیں۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ "عدالت کو تاثرات کا اسٹیج نہیں بنایا جا سکتا"، اور بغیر ٹھوس شواہد کے عدالتی غیر جانبداری پر سوال اٹھانے سے خبردار کیا۔ مزید کہا گیا کہ ایسی درخواستوں کو قبول کرنا ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور ایک غلط روایت قائم کر سکتا ہے۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف ممکنہ تاثر کی بنیاد پر کسی جج سے خود کو الگ کرنے کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا، خاص طور پر جب مفادات کا کوئی براہِ راست ٹکراؤ ثابت نہ ہو۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ جج کی صلاحیت کا جائزہ اعلیٰ عدالتیں لیتی ہیں، نہ کہ فریقین، اور پیشہ ورانہ یا عوامی تقریبات میں شرکت غیر جانبداری کو متاثر نہیں کرتی۔اپنے خط میں کیجریوال نے وہی خدشات دہرائے جو انہوں نے پہلے اپنی درخواست میں اٹھائے تھے۔ انہوں نے جج کے بعض قانونی اداروں سے تعلق کا حوالہ دیا اور یہ سوال بھی اٹھایا کہ ان کے بچوں کا یونین حکومت کے وکیل کے طور پر پینل میں شامل ہونا مفادات کے ٹکراؤ کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ سالیسیٹر جنرل کی جانب سے وکلاء کو مقدمات سونپنے کے عمل میں کردار ہوتا ہے، اور مقدمات کی تقسیم سے متعلق کچھ اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل ایک سیاسی طور پر حساس معاملے میں جانبداری کا تاثر پیدا کر سکتے ہیں۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں استعمال ہونے والی زبان نے ان کے خدشات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ کیجریوال کے مطابق، ان کی درخواست کو "عدلیہ پر حملہ" قرار دینے سے یہ یقین کرنا مشکل ہو گیا ہے کہ اب اس معاملے کی سماعت غیر جانبدارانہ طریقے سے ہو سکے گی