ہندوستان کی مالی صورتحال پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی براہ راست اثر نہیں: رپورٹ
نئی دہلی
ایس بی آئی ریسرچ ایکو ریپ کی رپورٹ کے مطابق، پیٹرول اور ڈیزل کی خوردہ قیمتوں میں تین روپے فی لیٹر کا اضافہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو بڑھتی ہوئی برینٹ کروڈ قیمتوں کے درمیان طویل عرصے تک ایندھن کی قیمتیں برقرار رکھنے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ صارفین کی قیمتوں پر فوری اثر کے طور پر مہنگائی میں کچھ اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے، لیکن ’’اس اضافے کا مالیاتی صورتحال پر براہِ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایندھن کی کھپت عام طور پر قیمتوں میں ابتدائی اضافے کے بعد جلد ہی دوبارہ معمول پر آ جاتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ تاریخی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے فوراً بعد کھپت میں کمی دیکھی گئی، لیکن بعد میں یہ دوبارہ بحال ہو گئی اور سالانہ کھپت کی سطح پر کوئی خاص کمی نظر نہیں آئی۔ مزید یہ کہ مئی-جون 2026 میں صارفین کی قیمتوں کے اشاریے (سی پی آئی) پر فوری اثر تقریباً 15 سے 20 بیسس پوائنٹس تک ہو سکتا ہے۔ اسی لیے ہم مالی سال 2027 کے لیے اپنی پیش گوئی کو 4.7 فیصد تک نظرثانی کرتے ہیں۔ اس اضافے کا مالیاتی صورتحال پر کوئی براہِ راست اثر نہیں ہے۔
او ایم سیز کو پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت پر نقصان اس لیے بڑھ رہا ہے کیونکہ خوردہ قیمتیں طویل عرصے سے تبدیل نہیں کی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا، ’’مرکزی وزیر کے مطابق او ایم سیز کو روزانہ تقریباً ایک ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے، جو سالانہ تقریباً 3.6 لاکھ کروڑ روپے بنتا ہے۔تیل کی قیمت میں موجودہ تین روپے کے اضافے سے او ایم سیز کے نقصانات میں تقریباً 52,700 کروڑ روپے کی راحت ملے گی، جو مالی سال 2027 میں متوقع کل نقصان کا تقریباً 15 فیصد ہے۔
ایس بی آئی کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگر حکومت موجودہ ایندھن ٹیکس ڈھانچے میں تبدیلی کرتی ہے تو اس کے مالیاتی اثرات کیا ہوں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر یہ فرض کیا جائے کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر موجودہ 11.9 فیصد اور 7.8 فیصد ایکسائز ڈیوٹی کو صفر کر دیتی ہے، تو اس سے حکومتی آمدنی یا او ایم سیز کے فائدے میں تقریباً 1.9 لاکھ کروڑ روپے کی کمی آئے گی۔ اگر حکومت اخراجات میں کمی نہ کرے تو اس سے مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 0.5 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، مارچ میں دس روپے کی ڈیوٹی میں کمی سمیت موجودہ مالی سال میں ایکسائز ڈیوٹی میں کٹوتی سے حکومت کو مجموعی طور پر تقریباً 3 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ اس وقت تین روپے کی خوردہ قیمتوں میں اضافے سے او ایم سیز کے نقصان کا 15 فیصد پورا ہو رہا ہے، جبکہ تیل پر ایکسائز ڈیوٹی صفر کرنے سے تقریباً 53 فیصد نقصان پورا کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اگر مرکز کی ایکسائز ڈیوٹی صفر کی جاتی ہے تو اس کا اثر ریاستی حکومتوں کی آمدنی پر بھی پڑے گا۔رپورٹ کے مطابق، ہمارے اندازوں کے مطابق اگر مرکز کی ایکسائز ڈیوٹی صفر کر دی جاتی ہے اور دیگر تمام چیزیں جوں کی توں رہتی ہیں، تو ریاستوں کو تقریباً 0.8 لاکھ کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ تاہم، تیل کی بلند قیمتوں سے ریاستوں کو تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے کا فائدہ بھی ہوگا، اس لیے ریاستی آمدنی پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کا خالص اثر تقریباً 50 ہزار کروڑ روپے رہے گا۔