پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار حکومت کی جانب سے ریاست کے 80 سال یا اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو اب اپنے گھر پر ہی زمین یا فلیٹ کی رجسٹری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے بعد انہیں محکمۂ محصولاتِ اراضی یا نِبَندھن (رجسٹریشن) محکمہ کے دفتر یا حلقہ جاتی دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کے روز اس کا اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا۔
وزیر اعلیٰ نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ کئی بار یہ دیکھا گیا ہے کہ 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بزرگوں کو زمین یا فلیٹ کی رجسٹری سے متعلق کاموں کے لیے کافی مشقت اٹھانی پڑتی ہے۔ اسی وجہ سے عمر کے مطابق سہولت فراہم کرنے اور غیر ضروری پریشانیوں سے نجات دلانے کے مقصد سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔
یہ سہولت کب نافذ ہوگی؟
یہ سہولت محکمۂ شراب بندی، ایکسائز اور نِبَندھن کی جانب سے چلائی جانے والی موبائل رجسٹریشن یونٹ کے ذریعے ایک مقررہ وقت کے اندر فراہم کی جائے گی، جس کے لیے درخواست دہندگان آن لائن درخواست دے سکیں گے۔ یہ نئی سہولت یکم اپریل 2026 سے نافذ کی جائے گی۔
زمین سے متعلق تازہ معلومات کیسے ملے گی؟
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زمین خریدنے کے خواہش مند افراد کو اکثر اس زمین سے متعلق تازہ اور درست معلومات حاصل نہیں ہو پاتیں۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے رجسٹری سے قبل زمین کی موجودہ اور تازہ حیثیت سے متعلق معلومات خریدار اور فروخت کنندہ دونوں کو فراہم کرنے کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت درخواست گزار کی گزارش پر نِبَندھن محکمہ متعلقہ حلقہ دفتر سے زمین کی تازہ صورتحال کی معلومات حاصل کرکے خریدار کو فراہم کرے گا، جس سے زمین کے بارے میں صحیح اور مستند جانکاری مل سکے گی۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ 20 نومبر 2025 کو نئی حکومت کے قیام کے بعد ‘سات نشچئے-3’ پروگراموں کو نافذ کیا گیا ہے، جن کا مقصد بہار کو ملک کی سب سے زیادہ ترقی یافتہ ریاستوں کی فہرست میں شامل کرنا ہے۔ ‘سات نشچئے-3’ کے تحت ساتواں نشچئے ‘سب کا سمان – زندگی آسان’ (ایز آف لیونگ) ہے، جس کا بنیادی مقصد ریاست کے تمام شہریوں کی روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کو کم کرکے زندگی کو آسان بنانا ہے۔
عوام سے تجاویز طلب
وزیر اعلیٰ نے یقین ظاہر کیا کہ یہ پہل ریاست کے 80 سال یا اس سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے بے حد مفید ثابت ہوگی۔ ساتھ ہی زمین کی تازہ معلومات فراہم کرنے کے انتظام سے تمام شہریوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس نظام سے متعلق کوئی اہم تجویز دینے کے خواہش مند افراد 19 جنوری 2026 تک مقررہ ذرائع کے ذریعے اپنی تجاویز ارسال کر سکتے ہیں۔