آر جے ڈی نے خواتین کے لیے کوئی کام نہیں کیا: نتیش

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-02-2026
آر جے ڈی نے خواتین کے لیے کوئی کام نہیں کیا: نتیش
آر جے ڈی نے خواتین کے لیے کوئی کام نہیں کیا: نتیش

 



پٹنہ/ آواز دی وائس 
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کے روز قانون ساز کونسل میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ اقتدار میں رہتے ہوئے اس جماعت نے خواتین کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ یہ بیان ایسے وقت آیا جب ریاست میں جنسی زیادتی کے مبینہ بڑھتے واقعات کے خلاف اپوزیشن کے اراکینِ قانون ساز کونسل کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن اراکین، رابری دیوی کی قیادت میں، نعرے بازی کرنے لگے اور ریاست میں حالیہ عصمت دری کے واقعات پر وزیر اعلیٰ سے جواب کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن اراکین نے الزام لگایا کہ ریاست میں عصمت دری کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ ہنگامہ آرائی کے دوران، ایوان میں موجود نتیش کمار کھڑے ہو کر بولنے لگے۔
آر جے ڈی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا كہ جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے کوئی کام نہیں کیا۔ خواتین کے لیے کچھ نہیں کیا۔ 2005 میں ہمارے اقتدار میں آنے کے بعد بہار میں ہمہ جہت ترقی ہوئی ہے اور ریاست ہر محاذ پر آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے نائب چیئرمین رام بچن رائے سے مطالبہ کیا کہ ہنگامہ کرنے والے اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور کونسل میں اپوزیشن لیڈر رابری دیوی ایک دوسرے سے پرجوش انداز میں مخاطب ہوتے دکھائی دیے، تاہم تیز نعرے بازی اور مائیک بند ہونے کے باعث ان کی باتیں سنائی نہیں دے سکیں۔
ہنگامہ جاری رہنے پر نائب چیئرمین رام بچن رائے نے ایوان ملتوی کر دیا۔ ایوان سے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رابری دیوی نے الزام لگایا، “ریاست میں قانون و انتظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور قتل و عصمت دری کے واقعات روزانہ پیش آ رہے ہیں۔ یہ حکومت نااہل ہے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ سمت چودھری، جن کے پاس محکمۂ داخلہ بھی ہے، کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ رابری دیوی نے دعویٰ کیا كہ وزیر داخلہ نے خود کہا تھا کہ اگر ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تو وہ 24 گھنٹوں کے اندر استعفیٰ دے دیں گے۔