جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نبین پیر کو دو روزہ دورے پر جموں پہنچے، جہاں پارٹی کارکنوں نے جموں ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کا مقصد جموں و کشمیر میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینا ہے۔
پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چگھ کے ہمراہ پہنچنے والے نتن نبین کا ہوائی اڈے پر مرکزی وزیر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما اور دیگر سینئر رہنماؤں نے استقبال کیا۔ یہ معلومات پارٹی کے ایک ترجمان نے دی۔ سینکڑوں کارکنوں نے نعرے لگاتے ہوئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور گلدستے پیش کر کے بی جے پی صدر کا خیرمقدم کیا۔
جموں پہنچنے کے فوراً بعد نتن نبین شہر کے مضافاتی علاقے مشری والا روانہ ہوئے، جہاں وہ پارٹی کارکنوں کے ایک کنونشن میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں وہ پارٹی کے تریکوٹہ نگر واقع ریاستی دفتر میں بی جے پی عہدیداروں کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
شام کے وقت وہ شہر کے وسط میں واقع مشہور رگھوناتھ مندر میں پوجا کریں گے اور شیاما پرساد مکھرجی کو خراجِ عقیدت بھی پیش کریں گے۔ منگل کی صبح بی جے پی کے قومی صدر ماتا ویشنو دیوی مندر میں حاضری دیں گے، جس کے بعد ڈوگرا چوک میں پریم ناتھ ڈوگرا کے مجسمے پر حاضری دے کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔