نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نبیّن نے کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی کے حالیہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ’’انتہائی افسوسناک‘‘ اور ’’انتشار پسند ذہنیت‘‘ کی عکاسی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاست میں شائستگی اور سماجی ہم آہنگی باہمی احترام پر قائم ہے، اس تناظر میں یہ بیان قابلِ افسوس ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نتن نبیّن نے کہا: “راہل گاندھی کا آج کا بیان انتہائی افسوسناک ہے اور کسی حد تک ان کی انتشار پسند ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ بھارتی سیاست میں جہاں باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی بنیادی حیثیت رکھتی ہے، وہاں ان کا یہ انداز واقعی قابلِ افسوس ہے۔” انہوں نے مزید الزام لگایا کہ مسلسل انتخابی ناکامیوں نے راہل گاندھی کو مایوسی اور جھنجھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے، جو اب ان کے رویے اور زبان میں ظاہر ہو رہی ہے۔
ان کے مطابق: “ان کی مسلسل انتخابی شکستیں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مایوسی اب ان کے مزاج اور کردار میں ظاہر ہو رہی ہے، یہی بے چینی اور مایوسی انہیں ایسے بیانات دینے پر مجبور کر رہی ہے۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا نکسلی ازم کا خاتمہ غداری ہے؟ کیا ملک کی سرحدوں کی حفاظت غداری ہے؟ کیا بھارت کے ترنگے کی عالمی عزت بڑھانا غداری ہے؟
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب راہل گاندھی نے ایک عوامی جلسے میں وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے معیشت، نجکاری اور خارجہ پالیسی سے متعلق الزامات عائد کیے تھے۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ملک میں معاشی بحران پیدا ہو رہا ہے اور حکومت نے معیشت کو مخصوص صنعتکاروں کے حوالے کر دیا ہے۔ انہوں نے نریندر مودی، اڈانی اور امبانی کے حوالے سے بھی سخت ریمارکس دیے اور حکومت پر آئین پر حملے کا الزام لگایا۔