کیرالَم میں نیپاہ وائرس کیس، مرکز کا ہائی الرٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2026
کیرالَم میں نیپاہ وائرس کیس، مرکز کا ہائی الرٹ
کیرالَم میں نیپاہ وائرس کیس، مرکز کا ہائی الرٹ

 



نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعہ کے روز کیرالَم میں نیپاہ وائرس کے ایک کیس کی تصدیق کے بعد وائرس کے مؤثر انتظام اور پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے معیاری رہنما اصولوں اور عملی طریقۂ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق مرکز صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور ریاستی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

مریض کے نمونے کو مزید جانچ کے لیے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی (این آئی وی)، پونے بھی بھیجا گیا ہے۔ اس سے قبل کیرالَم میں نیپاہ وائرس کا ایک کیس سامنے آیا تھا۔ ریاستی وزیر صحت کے مرلی دھرن نے جمعرات کو بتایا کہ مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ابتدائی جانچ کے نتائج مثبت آئے ہیں، تاہم وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ سے حتمی تصدیق کا انتظار ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’نتائج مثبت ہیں، تاہم وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ ابھی موصول ہونا باقی ہے۔‘‘ وزیر کے مطابق مریض کو ابتدا میں شدید بخار کے باعث کالی کٹ کے کریسنٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، بعد ازاں اسے ایک دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔ مسلسل بخار برقرار رہنے پر اسپتال کو نیپاہ وائرس کا شبہ ہوا۔ انہوں نے کہا، ’’مریض کو پہلے شدید بخار کے ساتھ کریسنٹ اسپتال، کالی کٹ میں داخل کیا گیا تھا۔ بعد میں وہ ایک دوسرے اسپتال گیا۔

چونکہ بخار مسلسل برقرار رہا، اس لیے اسپتال نے اسے نیپاہ وائرس کا ممکنہ کیس سمجھا۔ اس وقت مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔ اس کے رابطے میں 77 افراد آئے، جن میں 58 طبی کارکن، خاندان کے 14 افراد اور 5 دوست شامل ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ رابطے میں آنے والے افراد میں بیماری کی کوئی علامت نہیں پائی گئی۔‘‘ وزیر صحت نے مئی سے ستمبر کے عرصے کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی، کیونکہ یہ مدت نیپاہ وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے زیادہ خطرناک سمجھی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’مئی سے ستمبر تک کا عرصہ حساس ہوتا ہے۔ اس دوران چمگادڑوں کو ہاتھ لگانے یا انہیں چھیڑنے کی کوشش نہ کریں۔ اگر کہیں چمگادڑ نظر آئیں تو متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ ہم نیپاہ وائرس کے مزید کیسوں کی روک تھام کے لیے اقدامات پر کام کر رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ فروری میں مغربی بنگال میں ایک نرس، جو نیپاہ وائرس سے متاثر ہوئی تھی، دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی۔ ریاستی محکمۂ صحت کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔