آر جے ڈی نے 15 سالہ "جنگل راج" میں "صفر" ترقی کی: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-11-2025
آر جے ڈی نے 15 سالہ
آر جے ڈی نے 15 سالہ "جنگل راج" میں "صفر" ترقی کی: مودی

 



ارریا/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو راشٹریہ جنتا دل پر ایک بار پھر ’’جنگل راج‘‘ کا طنز دہراتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے پورے بہار میں ’’صفر‘‘ یعنی ’’نل بٹے سنّاٹا‘‘ ترقی کی ہے۔
وزیر اعظم نے ارریا میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پوچھا کہ بہار میں کتنی ایکسپریس وے، پل، اسپورٹس کمپلیکس اور سیاحتی سرکٹس بنائے گئے؟ اور خود ہی جواب دیا – ’’صفر‘‘۔ مودی نے کہا کہ 1990 سے 2005 تک، پندرہ برسوں میں جنگل راج کی حکومت نے بہار کو پوری طرح تباہ کر دیا۔ حکومت چلانے کے نام پر صرف لوٹ مار ہوئی۔ آپ کو ان پندرہ برسوں کا ایک اعداد و شمار یاد رکھنا چاہیے – بہار میں کتنی ایکسپریس وے بنائی گئیں؟ صفر۔ صفر یعنی نل بٹے سنّاٹا۔ آپ جانتے ہیں کوسی ندی پر کتنے پل بنائے گئے؟ صفر۔ ایک بھی نہیں۔ ان پندرہ برسوں میں کتنے سیاحتی سرکٹس تیار ہوئے؟ پھر صفر۔ اور نوجوانوں اور بیٹیوں کے لیے کتنے کھیل کے میدان یا اسپورٹس کمپلیکس بنائے گئے؟ پھر وہی صفر، نل بٹے سنّاٹا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’جنگل راج‘‘ چلانے والی پارٹیاں خود کو بہار کی حکمران سمجھتی تھیں، لیکن میرے نزدیک عوام ہی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ جنگل راج چلاتے تھے وہ خود کو آپ کا مائی باپ سمجھتے تھے اور خود کو بادشاہ تصور کرتے تھے۔ لیکن مودی الگ ہے ۔ میرے لیے عوام ہی میرے مائی باپ ہیں، میرا رہنما اصول ہیں۔ آپ ہی میرے مالک ہیں، ریموٹ کنٹرول آپ کے ہاتھ میں ہے۔ وزیر اعظم نے بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹروں کے جوش و خروش کی تعریف کی اور کہا کہ ریاست بھر میں زبردست شرکت دیکھنے کو ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بہار کو ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ہے۔ سوشل میڈیا پر بہار کے ہر کونے سے خوبصورت تصویریں آرہی ہیں۔ صبح سے ہی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں بڑی تعداد میں ووٹ ڈال رہی ہیں۔ نوجوان بھی بے مثال جوش دکھا رہے ہیں۔ میں تمام ووٹروں کو مبارکباد دیتا ہوں اور سب سے اپیل کرتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے باہر نکلیں۔ وزیر اعظم نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی جیت پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پورا بہار ایک ہی آواز میں گونج رہا ہے۔ پھر ایک بار این ڈی اے سرکار، پھر ایک بار سُشاسن کی سرکار۔
انہوں نے کہا کہ آج بہار کی گلیوں میں ایک ہی صدا سنائی دے رہی ہے ۔ پھر ایک بار این ڈی اے سرکار، پھر ایک بار سُشاسن کی سرکار۔ اس جذبے کے پیچھے ماؤں اور بہنوں کی امیدیں ہیں، نوجوانوں کے خواب ہیں۔ یاد رکھیں، مودی کی گارنٹی یہ ہے کہ آپ کا خواب ہی مودی کا عزم ہے۔ ارریا میں جلسے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کا بھاگلپور میں بھی جلسہ عام سے خطاب کا پروگرام ہے۔
ہندوستانی الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے پہلے چار گھنٹوں میں 27.65 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ بیگوسرائے ضلع میں سب سے زیادہ 30.37 فیصد ووٹنگ ہوئی، جبکہ ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں صبح 11 بجے تک 23.71 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ لاکھی سرائے میں جو صبح سست ووٹنگ دیکھنے کو ملی تھی، وہاں 11 بجے تک 30.32 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔
گوالپارہ میں 30.04 فیصد، بکسر میں 28.02 فیصد، بھوجپور میں 26.76 فیصد، دربھنگہ میں 26.07 فیصد، کھگڑیا میں 28.96 فیصد، مدھے پورہ میں 28.46 فیصد، منگر میں 26.68 فیصد، مظفرپور میں 29.66 فیصد، نالندہ میں 26.86 فیصد، سہرسہ میں 29.68 فیصد، سمانت پور میں 27.92 فیصد، سارن میں 28.52 فیصد، شیخپورہ میں 26.04 فیصد، سیوان میں 27.09 فیصد اور ویشالی میں 28.67 فیصد ووٹنگ ہوئی۔