نئی دہلی - این آئی اے کے وکیل نے جمعے کو عدالت میں یہ کہتے ہوئے مہلت طلب کی کہ انہیں بارہمولہ کے رکن پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ کی درخواست پر ہدایات لینی ہیں۔ یہ درخواست دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے نوٹس کے جواب میں داخل کی گئی تھی۔
جموں و کشمیر کے رکن پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ یکم دسمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے عبوری ضمانت یا حراستی پرول چاہتے ہیں۔ سماعت کے دوران این آئی اے کے خصوصی وکیل گوتم خزاں چی وی سی کے ذریعے پیش ہوئے اور کارروائی مؤخر کرنے کی گزارش کی۔ ایڈیشنل سیشن جج پرشانت شرما نے معاملے کی اگلی سماعت 26 نومبر مقرر کی ہے۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے 18 نومبر کو این آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ رشید اس وقت ایک دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق کیس میں عدالتی تحویل میں ہیں۔ درخواست سوموار کو وکیل وکھیات اوبرائے کے ذریعے دائر کی گئی تھی جبکہ سماعت میں وکیل نشیتا گپتا نے ان کی پیروی کی۔
ان کی وہ درخواست جس میں انہوں نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لیے حراستی پرول کی لاگت میں ترمیم کی گزارش کی ہے وہ دہلی ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔ این آئی اے نے عبدالرشید شیخ کے خلاف اسی کیس میں ضمنی چارج شیٹ بھی داخل کی ہے اور وہ مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہیں اس سے قبل دو مرتبہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت اور حلف برداری کے لیے حراستی پرول دی جا چکی ہے۔ اس برس نائب صدر کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لیے بھی انہیں پارلیمنٹ بھیجا گیا تھا۔ عبدالرشید شیخ بارہمولہ جموں و کشمیر سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔
7 نومبر کو دہلی ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے ان کی درخواست پر اختلافی فیصلہ سنایا تھا اور معاملہ اب سنگل جج بینچ کے سامنے زیر سماعت ہے۔