نئی دہلی/ آواز دی وائس
حکام کے مطابق پیر کی صبح سے جموں و کشمیر، مختلف اضلاع اور اترپردیش کے لکھنؤ میں مشتبہ افراد سے جڑی جگہوں پر تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ان چھاپوں میں جموں و کشمیر کے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں کچھ گرفتار ملزمان اور ان کے ساتھیوں کے رہائشی مقامات بھی شامل ہیں۔
یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب چند روز قبل ایجنسی نے اس کیس میں ساتویں ملزم، فریدآباد کے دھوج کے رہنے والے سیاب کو گرفتار کیا۔ 10 نومبر کو دہلی میں ہونے والے کار بلاسٹ میں 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ سیاب پر الزام ہے کہ اس نے حملہ آور عمر اُن نبی کو دھماکے سے کچھ دیر قبل پناہ دی تھی۔ دورانِ تفتیش اس نے بتایا کہ میں نے نہ صرف عمر کو چھپایا بلکہ حملے سے قبل اس کی نقل و حرکت کیلئے لوجسٹک مدد بھی فراہم کی۔
۔20 نومبر کو این آئی اے نے شاہین سعید کے ساتھ جموں و کشمیر کے ڈاکٹر مزمل شکیل گنائی (پلوامہ)، ڈاکٹر عدیل احمد اتھر (اننت ناگ)، اور مفتی عرفان احمد وگے (شوپیاں) کو بھی گرفتار کیا۔ انہیں پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے حکم پر سرینگر میں حراست میں لیا گیا۔ اس سے قبل ایجنسی نے دو اور ملزمان عامر رشید علی (جس کے نام پر وہ کار رجسٹرڈ تھی جسے دھماکے میں استعمال کیا گیا) اور جاسر بلال وانی عرف دانش (جس نے دہشت گرد کو تکنیکی مدد فراہم کی) — کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔
شاہین کو حال ہی میں فریدآباد لے جایا گیا تاکہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے سلسلے کی کڑیوں کو دوبارہ تیار کیا جا سکے، کیونکہ دھماکے سے کچھ ہی دیر قبل تقریباً 2,900 کلو دھماکہ خیز مواد فریدآباد سے برآمد ہوا تھا اور دھماکے میں استعمال ہونے والی ہنڈائی i20 اسی علاقے کے ایک ڈیلر سے خریدی گئی تھی۔ این آئی اے کے مطابق اب تک ملنے والی معلومات نے اس بم دھماکے کے پیچھے موجود آپریشنل نیٹ ورک کو سمجھنے میں مزید مدد فراہم کی ہے۔
ایجنسی مختلف ریاستوں میں مقامی پولیس کے اشتراک سے متعدد سراغوں کی بنیاد پر تلاشیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اس سازش سے جڑے مزید مشتبہ افراد کی شناخت کی جا سکے۔
حکام کے مطابق پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے اور اسے مکمل طور پر ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایجنسی اب تک ساتوں گرفتار ملزمان کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ یہ انسدادِ دہشت گردی ایجنسی جسے مرکزی وزارتِ داخلہ نے حملے کے فوراً بعد تفتیش سونپی تھی ملک کی مختلف ریاستی پولیس فورسز کے ساتھ مل کر اس دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث ہر شخص کو گرفتار کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ این آئی اے نے کیس دہلی پولیس سے سنبھالتے ہی اگلے دن بڑے پیمانے پر چھاپہ ماری شروع کر دی تھی۔
اب تک کی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ ملزم عامر کار کی خریداری کے سلسلے میں دہلی آیا تھا، جسے بعد میں گاڑی میں نصب دھماکہ خیز آلہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔ این آئی اے نے فرانزک طور پر اس آئی ای ڈی سے تباہ ہونے والی کار کے ہلاک ڈرائیور کی شناخت عمر کے طور پر کی ہے، جو پلوامہ کا رہائشی اور فریدآباد کی الفلہ یونیورسٹی میں جنرل میڈیسن ڈپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ پروفیسر تھا۔
ایجنسی نے عمر نبی کی ایک دوسری گاڑی بھی ضبط کی ہے، جسے بھی شواہد کیلئے جانچا جا رہا ہے۔ این آئی اے اب تک 73 گواہوں کے بیانات قلم بند کر چکی ہے، جن میں دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔
دہلی پولیس، جموں و کشمیر پولیس، ہریانہ پولیس، اترپردیش پولیس اور دیگر ایجنسیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے این آئی اے مختلف ریاستوں میں تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔