دہلی دھماکہ : این آئی اے عدالت نے 4 ملزمین کی حراست میں 4 دن کی توسیع کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-12-2025
دہلی دھماکہ : این آئی اے عدالت نے  4 ملزمین کی حراست میں 4 دن کی توسیع کی
دہلی دھماکہ : این آئی اے عدالت نے 4 ملزمین کی حراست میں 4 دن کی توسیع کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں واقع خصوصی این آئی اے عدالت نے پیر کے روز دہلی بم دھماکے کے ملزمان ـ ڈاکٹر مزمل شکیل گنائی (پلوامہ، جموں و کشمیر)، ڈاکٹر عدیل احمد  (اننت ناگ، جموں و کشمیر)، ڈاکٹر شاہین سعید (لکھنؤ، اتر پردیش)، اور مفتی عرفان احمد وگے (شوپیاں، جموں و کشمیر) ـ کی تحویل میں مزید چار دن کی توسیع کر دی۔ این آئی اے کی ابتدائی 10 روزہ تحویل مکمل ہونے کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج (خصوصی این آئی اے جج) انجوباجاج چندانہ نے بند کمرہ سماعت میں ملزمان کی حراست میں چار روز کی توسیع منظور کی۔ این آئی اے نے دہلی دھماکے کے معاملے کی مزید تفتیش اور ملزمان کے کردار کا تعین کرنے کے لیے ان کی پانچ دن کی اضافی ریمانڈ کی درخواست کی تھی۔
این آئی اے نے ایک پریس ریلیز میں بتایا تھا کہ اس نے 10 نومبر کو لال قلعہ کے باہر ہونے والے دھماکے کے سلسلے میں چار مزید اہم ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ اس دھماکے میں 15 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ ایجنسی کے مطابق ان چاروں ملزمان کو سری نگر (جموں و کشمیر) میں عدالت کے پروڈکشن آرڈر پر حراست میں لیا گیا اور انہیں پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش کیا گیا۔
این آئی اے نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس سے قبل دو دیگر ملزمان ـ عامر رشید علی، جس کے نام پر دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی رجسٹرڈ تھی، اور جاسر بلال وانی عرف دانش، جس نے حملے میں ملوث دہشت گرد کو تکنیکی مدد فراہم کی تھی ـ کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان تمام افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور این آئی اے اس پورے دہشت گردانہ سازش کا کھرا کھودنے کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ انسدادِ دہشت گردی ایجنسی، جسے حملے کے فوراً بعد ہندوستان کی وزارتِ داخلہ نے اس کیس کی تفتیش سونپی تھی، ملک کی مختلف ریاستوں کی پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اس دہشت گردانہ نیٹ ورک کے ہر رکن کو گرفتار کیا جا سکے۔