نئی دہلی / آواز دی وائس
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے القاعدہ سے منسلک ایک مبینہ دہشت گرد سازش کے سلسلے میں، جو گجرات میں غیر قانونی بنگلہ دیشی مہاجرین سے جڑی ہوئی بتائی جا رہی ہے، ہندوستان کے پانچ ریاستوں میں تقریباً 10 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ اس بات کی اطلاع تحقیقاتی ایجنسی کے ترجمان نے جمعرات کے روز دی۔
مرکزی ایجنسی کے ایک ترجمان نے بیان میں بتایا کہ بدھ کے روز این آئی اے کی ٹیموں نے مغربی بنگال، تریپورہ، میگھالیہ، ہریانہ اور گجرات میں مختلف مشتبہ افراد اور ان کے ساتھیوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ افسر نے مزید بتایا کہ چھاپوں کے دوران متعدد ڈیجیٹل آلات اور دستاویزات ضبط کیے گئے ہیں، جنہیں فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
یہ مقدمہ 2023 میں درج کیا گیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ اس کیس کے مرکزی کردار چار بنگلہ دیشی شہری ہیں جن کی شناخت محمد سوجب میاں، منہّا خالد انصاری، اضرال اسلام اور عبد اللطیف کے طور پر کی گئی ہے۔ ان افراد نے جعلی ہندوستانی شناختی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے بنگلہ دیش سے غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخلہ حاصل کیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ لوگ ممنوعہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے منسلک پائے گئے۔ یہ افراد بنگلہ دیش میں القاعدہ کے کارندوں کے لیے رقم جمع کرنے اور منتقل کرنے میں ملوث تھے، اور مسلمان نوجوانوں کو فعال طور پر بھرتی کرنے اور متاثر کرنے میں بھی شامل تھے۔”
این آئی اے نے 10 نومبر 2023 کو احمدآباد کی ایک خصوصی عدالت میں اس مقدمے کا چارج شیٹ داخل کیا تھا۔