ایم ٹی لیاکی فریڈم پر حملے میں ہلاکتوں کی خبر غلط قرار

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 13-06-2026
ایم ٹی لیاکی فریڈم پر حملے میں ہلاکتوں کی خبر غلط قرار
ایم ٹی لیاکی فریڈم پر حملے میں ہلاکتوں کی خبر غلط قرار

 



نئی دہلی: فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا (ایف ایس یو آئی) کے جنرل سکریٹری منوج یادو نے ہفتہ کے روز ان خبروں کو مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایم ٹی لیاکی فریڈم نامی جہاز پر رات کے وقت ہونے والے حملے میں چار ہندوستانی ملاح ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے ان اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ بحری شعبے میں پھیلنے والی جھوٹی خبروں کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’گزشتہ رات سے ایک جھوٹی خبر پھیل رہی ہے کہ ایم ٹی لیاکی فریڈم پر چار ہندوستانی ملاح مارے گئے ہیں۔ ہم نے براہِ راست جہاز سے رابطہ کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ نے بھی واضح کیا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔‘‘

ہندوستانی ملاحوں کی سلامتی اور غلط اطلاعات کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’آج آپ دیکھ رہے ہیں کہ ہم پہلے ہی تین ہندوستانی ملاحوں کو کھو چکے ہیں۔ اس خطے میں اس وقت تقریباً 18 ہزار سے 20 ہزار ہندوستانی ملاح موجود ہیں۔ بحری امور سے متعلق غلط اطلاعات کی وجہ سے ہر طرف کشیدگی اور خوف کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ صرف ملاح ہی نہیں بلکہ عام ہندوستانی بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔‘‘

یادو نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا: ’’مغربی ایشیا میں ہزاروں ہندوستانی ملاح موجود ہیں۔ آج کے دور میں معلومات پھیلانے کے ذرائع ہر کسی کے پاس ہیں اور ایسی صورت میں غلط اطلاعات کے اثرات بہت وسیع ہوتے ہیں۔ یہ دیکھنا ضروری ہے کہ حکومتِ ہند اور ڈی جی شپنگ اس صورتحال میں کیا اقدامات کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے معاملات میں مناسب رابطہ اور تصدیقی نظام کا فقدان ہے۔

ان کے مطابق: ’’24 گھنٹے فعال رابطہ یا تصدیقی نظام موجود نہیں ہے۔ ہر شعبے میں ایمرجنسی ہیلپ لائن ہوتی ہے، لیکن مرچنٹ نیوی کے شعبے میں ایسا کوئی مستقل نمبر یا ٹیم موجود نہیں جس سے لوگ رابطہ کر سکیں۔ ایک مستقل رابطہ کمیٹی قائم ہونی چاہیے جو اہم معلومات فراہم کرے اور تصدیق کے بعد جھوٹی خبروں کی تردید کرے۔ میں نے فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا کی جانب سے حکومتِ ہند کے سامنے یہ مطالبہ رکھا ہے۔‘

‘ دریں اثنا، وزارتِ خارجہ (ایم ای اے) نے ہفتہ کے روز بتایا کہ اس نے لیاکی فریڈم جہاز کے کپتان (ماسٹر) سے رابطہ کیا، جنہوں نے تصدیق کی کہ جہاز کا تمام عملہ محفوظ ہے۔ وزارتِ خارجہ نے پہلے موصول ہونے والی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا: ’’ہم نے جہاز لیاکی فریڈم کے کپتان سے بات کی ہے، جنہوں نے تصدیق کی ہے کہ تمام عملہ محفوظ ہے اور گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد ہیں۔‘‘

وزارتِ خارجہ کی یہ وضاحت ان خبروں کے بعد سامنے آئی جن میں بعض ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ عمان کے ساحل کے قریب واقع جہاز لیاکی فریڈم پر رات کے وقت حملے میں کئی ہندوستانی شہری ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ بعد میں یہ اطلاعات غلط ثابت ہوئیں۔