بنگال ایس آئی آر کیس میں نیا موڑ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-05-2026
بنگال ایس آئی آر کیس میں نیا موڑ
بنگال ایس آئی آر کیس میں نیا موڑ

 



نئی دہلی
کولکتہ ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس ٹی ایس شیوگننم نے جمعرات کو اُس اپیلیٹ ٹریبونل سے استعفیٰ دے دیا، جہاں انہیں مغربی بنگال میں خصوصی گہری نظرثانی کے تحت عدالتی افسران کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ اس بات کی جانکاری انڈین ایکسپریس کو ملی ہے۔ اس ٹریبونل میں 19 سبکدوش ججوں کو مقرر کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے جسٹس شیوگننم کو مصور نندلال بوس کے پوتے سپربدھ سین اور کانگریس امیدوار مطعب شیخ کی اپیلوں پر خصوصی سماعت کرنے کی ہدایت دی تھی۔ مطعب شیخ بعد میں فرکہ اسمبلی نشست سے انتخاب جیت گئے تھے۔
عدالت نے مطعب شیخ اور سپربدھ سین سمیت کچھ اپیل گزاروں کی درخواستوں پر جلد سماعت کا حکم دیا تھا۔ یہ اپیلیں جسٹس شیوگننم کے پاس بھیجی گئی تھیں، جنہیں انہوں نے قبول کر لیا تھا۔جسٹس شیوگننم گزشتہ برس ستمبر میں کولکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر 2 سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہوئے تھے۔ انہیں کولکتہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجئے پال کی سفارش پر منتخب کیے گئے 19 سابق ججوں میں شامل کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے 20 مارچ کو انہیں واحد رکنی اپیلیٹ ٹریبونل کے طور پر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
جسٹس شیوگننم نے جمعرات کو چیف جسٹس پال کو اپنا استعفیٰ بھیج دیا۔ اس کی اطلاع ہندوستانی الیکشن کمیشن اور مغربی بنگال کے چیف الیکشن افسر کو بھی دے دی گئی ہے۔ رابطہ کیے جانے پر جسٹس شیوگننم نے کہا کہ انہوں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے۔
ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ نے 20 فروری کو بنگال میں لاکھوں ووٹروں کی اہلیت پر فیصلہ کرنے کے لیے ضلع جج اور ایڈیشنل ضلع جج درجے کے عدالتی افسران کی تقرری کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے پایا تھا کہ ریاستی حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 60.06 لاکھ ووٹروں کی فہرست کا جائزہ لیا گیا۔ 700 عدالتی افسران کی جانچ کے بعد 27.16 لاکھ ووٹروں کے نام ووٹر فہرست سے ہٹا دیے گئے۔
10 مارچ کو سپریم کورٹ نے اپیلی نظام قائم کرنے کا حکم دیا۔ مغربی بنگال میں ووٹر فہرست میں نام شامل کرنے اور ہٹانے کے خلاف 34 لاکھ سے زائد اپیلیں دائر کی گئی تھیں۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران عدالت کو 13 اپریل کو یہ جانکاری دی گئی۔
بعد میں عدالت نے حکم دیا کہ مغربی بنگال میں ووٹنگ سے 2 دن پہلے تک، یعنی پہلے مرحلے کے لیے 21 اپریل اور دوسرے مرحلے کے لیے 27 اپریل تک، ٹریبونل کے ذریعے نمٹائی گئی تمام اپیلوں کے نام دوبارہ ووٹر فہرست میں شامل کیے جا سکتے ہیں اور ان ووٹروں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔تاہم مقررہ مدت سے پہلے ایسی 2,000 سے بھی کم اپیلوں کی سماعت ہو سکی۔ فیصلے کے عمل کے دوران حذف کیے گئے باقی 27.16 لاکھ ووٹر اس بار اپنا حقِ رائے دہی استعمال نہیں کر سکے۔