نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو ہندوستانی کوسٹ گارڈ (ICG) کے لیے دو اہم پالیسی اصلاحات کا اعلان کیا، جن کا مقصد افسران کی بھرتی اور سروس کی شرائط میں صنفی مساوات کو فروغ دینا اور ڈیوٹی کے دوران سمندر میں لاپتا ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو ایکس گریشیا (مالی امداد) کی فراہمی کے انتظامی عمل کو آسان بنانا ہے۔
دفاعی وزارت کے مطابق، نئی دہلی کے کرتویہ بھون-2 میں منعقدہ تقریب میں دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ، ڈائریکٹر جنرل انڈین کوسٹ گارڈ پریمیش سیوامانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ راج ناتھ سنگھ نے گزشتہ پانچ دہائیوں کے دوران ہندوستانی کوسٹ گارڈ کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دور اندیش اصلاحات 2027 میں فورس کی سورن جینتی (گولڈن جوبلی) کی جانب بڑھتے ہوئے اس کے حوصلے اور عملی صلاحیت کو مزید مضبوط کریں گی۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ کو ایک جدید، باصلاحیت اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بحری فورس بنایا جائے گا۔ پہلی پالیسی کے تحت کوسٹ گارڈ میں افسران کی بھرتی کے لیے مکمل طور پر صنفی غیر جانبدار نظام نافذ کیا گیا ہے۔
اس کے مطابق خواتین امیدواروں کو مرد امیدواروں کے برابر شارٹ سروس اپائنٹمنٹ (SSA) اور پرمننٹ اپائنٹمنٹ (PA) دونوں میں بھرتی کا موقع دیا جائے گا، جبکہ پہلی بار شارٹ سروس اپائنٹمنٹ مرد امیدواروں کے لیے بھی کھول دی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق، اس پالیسی کے تحت خواتین اور مرد افسران کو ابتدائی تربیت سے لے کر کیریئر میں ترقی تک یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ موجودہ مستقل تقرری والی خواتین افسران کو اہلیت کی شرائط پوری کرنے پر اعلیٰ عہدوں پر ترقی کا موقع بھی ملے گا۔ اسی طرح شارٹ سروس پر خدمات انجام دینے والی خواتین افسران کو بھی مقررہ شرائط پوری کرنے کی صورت میں مستقل تقرری اختیار کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
حکومت نے اس اقدام کو ناری شکتی کے فروغ اور قومی بحری سلامتی کے نظام میں مساوی مواقع کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ دوسری پالیسی اصلاح ان اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے بڑی راحت ہے جو ڈیوٹی کے دوران سمندر میں لاپتا ہو جاتے ہیں۔ اس کے تحت اگر کوئی کوسٹ گارڈ اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران سمندر میں لاپتا ہو جائے تو ایکس گریشیا امداد کی غرض سے اسے قیاسی طور پر فوت شدہ (Presumed Dead) قرار دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس نئی پالیسی سے لاپتا اہلکاروں کے اہل خانہ کو ایکس گریشیا مالی امداد اور دیگر واجبات کی ادائیگی کا عمل زیادہ تیز، آسان اور مؤثر ہو جائے گا۔