نئی دہلی: مرکزی حکومت نے بدھ کے روز یوریا کے شعبے کے لیے نئی قومی سرمایہ کاری پالیسی (این آئی پی یو-2026) کا اعلان کیا، جس کے تحت گیس پر مبنی 8 سے 9 نئے یوریا کارخانے قائم کیے جائیں گے۔ ان کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک کروڑ (10 ملین) ٹن ہوگی، تاکہ ملک کو سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کھاد یوریا میں خود کفیل بنایا جا سکے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ مرکزی کابینہ کے اجلاس میں منظور کی گئی اس پالیسی کا مقصد یوریا کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا اور ملک میں گیس پر مبنی یوریا پیداواری یونٹ قائم کرنا ہے۔ یہ نیا سرمایہ کاری فریم ورک 2012 کی نئی سرمایہ کاری پالیسی (این آئی پی) کا نظرثانی شدہ اور توسیعی ورژن ہے۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ ملک میں یوریا کی طلب ہر سال تقریباً 5 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے، اور نئی پالیسی کا مقصد ایک کروڑ ٹن اضافی یوریا پیداوار کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں چھ نئے یوریا کارخانے قائم کیے گئے، جس سے درآمدات پر انحصار میں نمایاں کمی آئی۔
اب نئی پالیسی کے تحت 8 سے 9 مزید کارخانے قائم ہونے کے بعد ہندوستان یوریا کی پیداوار میں مکمل خود کفیل ہو جائے گا۔ حکومت کے مطابق 2012 کی پالیسی کے مقابلے میں نئی پالیسی میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں شفافیت کے لیے مقررہ اور متغیر اخراجات کو الگ کرنا، سرمایہ پر منافع (Return on Equity) کی شرح کو کم از کم 12 فیصد اور زیادہ سے زیادہ 16 فیصد مقرر کرنا، اور چار سال بعد مقررہ اخراجات کو اُس وقت کی شرح مبادلہ کے مطابق روپے میں تبدیل کر کے زرمبادلہ کے خطرات کو کم کرنا شامل ہے۔
وزارت کے بیان کے مطابق ان اقدامات سے این آئی پی یو-2026 کے تحت قائم ہونے والے ہر نئے پلانٹ پر 2012 کی پالیسی کے مقابلے میں 250 کروڑ روپے سے زیادہ کی بچت متوقع ہے۔ اشونی ویشنو نے بتایا کہ ملک میں سالانہ تقریباً ایک کروڑ ٹن یوریا کی درآمد کی جاتی ہے تاکہ مقامی ضرورت پوری کی جا سکے۔
اس وقت ملک میں یوریا کی سالانہ پیداوار تقریباً 3 کروڑ ٹن ہے، جبکہ مجموعی طلب 4 کروڑ ٹن کے قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کے انداز میں تبدیلی، زیرِ کاشت رقبے میں اضافے اور ریکارڈ زرعی پیداوار کے باعث یوریا کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے، اس لیے نئی پالیسی کا بنیادی مقصد ملک کو یوریا کی پیداوار میں خود کفیل بنانا ہے۔
وزیر نے بتایا کہ وزارتِ کیمیکل و کھاد کو یوریا کے نئے کارخانے قائم کرنے کی متعدد تجاویز موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر نئی پالیسی لانا ضروری ہو گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پالیسی کے تحت نجی، سرکاری اور کوآپریٹو شعبے کے منصوبوں کو یکساں مراعات دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ 2012 کی نئی سرمایہ کاری پالیسی، جس کی مدت اکتوبر 2019 میں ختم ہو گئی تھی، کے تحت چھ نئے یوریا کارخانے قائم کیے گئے تھے، جن میں چار سرکاری اداروں کے مشترکہ منصوبوں کے ذریعے اور دو نجی کمپنیوں کے ذریعے قائم کیے گئے تھے۔