ایران نے آبنائے ہرمز میں شہری تجارتی جہازوں پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے: رپورٹ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-03-2026
ایران نے آبنائے ہرمز میں شہری تجارتی جہازوں پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے: رپورٹ
ایران نے آبنائے ہرمز میں شہری تجارتی جہازوں پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے: رپورٹ

 



بیروت
ہیومن رائٹس واچ کی منگل کو جاری ہونے والی ایک نئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی افواج نے اس ماہ 11 مارچ کو آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف کم از کم دو شہری تجارتی جہازوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا، جو کہ جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتا ہے۔رپورٹ میں بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے نتائج کا حوالہ دیا گیا، جس کے مطابق یکم مارچ سے ایرانی افواج نے مبینہ طور پر امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کے اطراف تجارتی جہازوں پر حملے شروع کیے۔ مزید بتایا گیا کہ 11 مارچ کو ایران کی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے ایک تقریر میں خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حملے جاری رہے تو ایران آبنائے ہرمز سے "ایک لیٹر تیل بھی گزرنے نہیں دے گا"۔
ہیومن رائٹس واچ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نے 11 مارچ کو دو تجارتی جہازوں—سیف سی وشنو اور مایوری ناری کو جان بوجھ کر نشانہ بنائے جانے کی دستاویزات جمع کیں، جن میں ایرانی حکام کے بیانات، حملوں کے بعد کی تصاویر اور ویڈیوز، اور آئی ایم او کے اعداد و شمار شامل ہیں۔
آئی ایم او کے مطابق یکم سے 17 مارچ کے درمیان آبنائے ہرمز، خلیج فارس اور خلیج عمان میں 16 حملوں کے نتیجے میں 17 واقعات میں تجارتی جہازوں کو نقصان پہنچا۔ ان حملوں میں سات ملاح اور ایک شپ یارڈ کارکن ہلاک ہوئے، چار ملاح لاپتہ ہیں جبکہ دس افراد زخمی ہوئے جن میں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
آئی ایم او کے ایک نمائندے نے ہیومن رائٹس واچ کو بتایا کہ ادارہ برطانیہ میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر  اور میری ٹائم سکیورٹی سینٹر انڈین اوشین جیسے اداروں سے معلومات حاصل کرتا ہے، اور انہیں جہازوں کے رجسٹری ممالک سے تصدیق کر کے حملوں کی دستاویزات تیار کرتا ہے۔ تاہم، ادارہ 16 حملوں کے ذمہ دار کا تعین نہیں کر سکا۔ 19 مارچ کو آئی ایم او کونسل نے ایک فیصلے میں جہازوں پر حملوں اور آبنائے ہرمز کو بند کرنے کی دھمکیوں کی شدید مذمت کی۔
ہیومن رائٹس واچ نے تصدیق کی کہ آئی ایم او کی فہرست میں شامل تمام جہاز شہری تجارتی جہاز تھے جن پر عام عملہ موجود تھا۔ تحقیق کے دوران سیف سی وشنو اور مایوری ناری کے علاوہ دو دیگر جہازوں اسکائی لائٹ اور سفین پریسٹیج—پر حملوں کی بھی تصدیق کی گئی، جبکہ ایم کے ڈی ویوم نامی جہاز کے حوالے سے صرف بیانات کی بنیاد پر معلومات ملی۔ ان میں سے بعض حملوں کے ذمہ داروں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ہیومن رائٹس واچ نے 18 مارچ کو ایرانی حکام سے وضاحت طلب کی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ تنظیم نے کہا کہ جن دو جہازوں پر ایران نے حملے کا دعویٰ کیا، ان کے بارے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ فوجی اہداف تھے یا ان پر کوئی فوجی سامان موجود تھا۔بین الاقوامی انسانی قوانین کے مطابق شہریوں اور شہری املاک پر براہ راست حملہ کسی بھی صورت میں ممنوع ہے، اور جنگ میں شامل فریقین پر لازم ہے کہ وہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اگر کوئی شخص جان بوجھ کر یا لاپرواہی سے جنگی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرے تو اس پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق 12 مارچ کو ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ارنا) نے پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کے حوالے سے بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ سیف سی وشنو کو خلیج فارس کے شمالی حصے میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اس نے ایرانی نیوی کی وارننگ کو نظرانداز کیا۔
آئی ایم او کے مطابق اس حملے میں ایک ملاح ہلاک ہوا جبکہ زیفیروس نامی ایک اور آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ دونوں جہاز عراق کے علاقائی پانیوں میں بصرہ سے تقریباً 50 ناٹیکل میل جنوب مشرق میں موجود تھے۔سیف سی وشنو پر حملے میں ایک ہندوستانی شہری بھی ہلاک ہوا۔ یہ آئل ٹینکر 9 مارچ کو عراق کے بصرہ کے قریب خور الزبیر بندرگاہ کے پاس نشانہ بنایا گیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (خلیج) عاصم مہاجن نے 13 مارچ کو بتایا تھا کہ ایک ملاح کی موت ہوئی جبکہ دیگر پانچ کو بحفاظت نکال کر بصرہ کے ایک ہوٹل میں منتقل کر دیا گیا۔
ہیومن رائٹس واچ نے 12 مارچ کو ایکس پر شیئر کی گئی تین ویڈیوز کا تجزیہ کیا، جن میں ایک ویڈیو میں سیف سی وشنو پر دو بڑے دھماکے دکھائے گئے۔ ویڈیو بنانے والوں نے دعویٰ کیا کہ وہ آئی آر جی سی نیوی کے اہلکار ہیں اور انہوں نے ایک امریکی جہاز کو تباہ کیا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں فائر فائٹرز جہاز پر پانی ڈالتے نظر آتے ہیں۔نیویارک ٹائمز کے مطابق عراق کی آئل ایکسپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ دونوں جہاز عراق کے تیل کی ترسیل کے لیے استعمال ہو رہے تھے، جبکہ ایک جہاز امریکی کمپنی کی ملکیت تھا۔
اسی دن مزید تین جہاز—ون میجسٹی، اسٹار گوینتھ اور مایوری ناری—بھی نشانہ بنے۔ تھائی نیوی کے مطابق مایوری ناری پر نامعلوم سمت سے دو گولے داغے گئے۔ عمانی نیوی نے جہاز کے 23 میں سے 20 عملے کو بچا لیا، جبکہ تین افراد اب بھی شدید نقصان زدہ جہاز پر موجود ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے دعویٰ کیا کہ مایوری ناری کو ایرانی جنگجوؤں نے اس وقت نشانہ بنایا جب اس نے ایرانی نیوی کی وارننگ کو نظرانداز کیا۔ ایرانی نیول کمانڈر علی رضا تنگسیری نے بھی کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کی اجازت ضروری ہے۔تنظیم کے مطابق ایران نے ایک اور جہاز ایکسپریس روم پر حملے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم جہاز کی مالک کمپنی نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جہاز محفوظ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 مارچ کو نیپال کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے ایک نیپالی شہری کو حراست میں لیا ہے۔ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ اگرچہ دیگر حملوں کے ذمہ داروں کی تصدیق نہیں ہو سکی، تاہم ایرانی حکام کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں—بشمول شہری جہازوں—کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔