چنئی: تمل ناڈو میں سرکاری تقریبات کے پروٹوکول کو لے کر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ ریاست کے 21 اراکین پارلیمنٹ نے گورنر آر این روی ارلیکر کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ یونیورسٹیوں اور سرکاری تقریبات میں "تمل تائی وازھتو" (ریاستی ترانہ) کو دوبارہ تقریب کے آغاز میں گانے کی روایت بحال کی جائے۔ 5 اگست کو لکھے گئے خط میں ارکان پارلیمنٹ نے 28 جولائی کو ترو نیل ویلی کی منون منیئم سندرنار یونیورسٹی کے 33ویں کانووکیشن کا حوالہ دیا۔ ان کے مطابق، راج بھون کی ہدایات کے باعث تقریب کا آغاز پہلے وندے ماترم سے، اس کے بعد قومی ترانے سے کیا گیا، جبکہ تمل تائی وازھتو کو تیسرے نمبر پر پیش کیا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ ریاستی ترانے کو تیسرے نمبر پر رکھے جانے کو تمل ناڈو کے بہت سے لوگوں نے تمل عوام اور منون منیئم سندرنار پلئی، جن کے نام پر یونیورسٹی قائم ہے اور جنہوں نے "نیراروم کدل اُڈوتھا" کی تخلیق کی، کے ساتھ ایک غیر ارادی بے اعتنائی کے طور پر محسوس کیا۔
ارکان پارلیمنٹ نے یاد دلایا کہ 2021 سے اس گیت کو تمل ناڈو کا سرکاری ریاستی ترانہ تسلیم کیا گیا ہے اور گزشتہ پچاس برس سے زائد عرصے سے یہ عوامی تقریبات کے آغاز میں پیش کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں یہ بھی کہا کہ جون 2026 میں گورنر نے تمل ناڈو اسمبلی سے اپنے خطاب کا آغاز بھی تمل تائی وازھتو سے کیا تھا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا تھا۔ ان کے مطابق یونیورسٹی کے کانووکیشن میں اختیار کیا گیا طریقہ اسی روایت سے انحراف تھا۔ ارکان پارلیمنٹ نے کرناٹک سمیت دیگر ریاستوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی ریاستی ترانے کو مخصوص پروٹوکول کے مطابق پیش کیا جاتا ہے۔
خط میں راج بھون سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ریاست کی تمام یونیورسٹیوں کو واضح اور پیشگی ہدایات جاری کرے تاکہ کانووکیشن اور دیگر سرکاری تقریبات کا آغاز تمل تائی وازھتو سے ہو اور اختتام قومی ترانے پر کیا جائے۔ انہوں نے یہ یقین دہانی بھی طلب کی کہ ریاستی ترانے یا منون منیئم سندرنار کی شخصیت کی بے حرمتی کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ اس خط پر سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم، بی مانیکم ٹیگور، کارتی چدمبرم، تھول تھروماؤلاون، دورئی وائیکو سمیت تمل ناڈو کے 21 اراکین پارلیمنٹ کے دستخط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ خط شکایت کے طور پر نہیں بلکہ ایک باوقار درخواست کے طور پر لکھا گیا ہے، تاکہ ریاستی ادارے وقار کے ساتھ کام کریں اور غیر ضروری تنازعات سے بچا جا سکے۔ تاہم، اس معاملے پر راج بھون کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ ادھر، اس سے قبل کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں بھی تمل تائی وازھتو کو تیسرے نمبر پر پیش کیا گیا تھا۔ یہ مسلسل تیسرا موقع تھا جب سرکاری تقریب میں تمل ریاستی ترانے کو تیسرے نمبر پر رکھا گیا، جس کے بعد ریاست بھر میں اس پروٹوکول پر نئی تنقید اور سیاسی ردعمل سامنے آیا۔