دہلی میں 81 نئے آیوشمان آروگیہ مندروں کا افتتاح کیا گیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-01-2026
دہلی میں 81 نئے آیوشمان آروگیہ مندروں کا افتتاح کیا گیا
دہلی میں 81 نئے آیوشمان آروگیہ مندروں کا افتتاح کیا گیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بدھ کے روز دہلی میں بنیادی صحت خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے دہلی حکومت نے 81 نئے آیوشمان آروگیہ مندر کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے مغربی دہلی کے نانگل رایا میں ان نئے آیوشمان آروگیہ مندروں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی اور کہا کہ جو اپوزیشن 11 سال تک اقتدار میں رہی، وہ آج 10–11 ماہ کی حکومت سے سوال کرتی ہے کہ ہم نے دہلی میں کیا کیا۔ اس کا جواب یہ ہے کہ 319 آیوشمان آروگیہ مندر کھولے جا چکے ہیں اور مزید بھی کھولے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ پچھلی حکومت نے نالوں کے کنارے پورٹا کیبن لگا کر محلہ کلینک کھولے اور انہیں اپنا ہیلتھ ماڈل بتایا، جبکہ حقیقت میں وہ ’ہلّا کلینک‘ تھے۔ ان کی جانب سے شروع کیے گئے اسپتالوں کی تعمیراتی لاگت من مانی طریقے سے دوگنی کر دی گئی، جن کی اب سی بی آئی جانچ جاری ہے۔
آروگیہ مندر کے افتتاح کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ ہمارا ہدف آج 100 آروگیہ مندر کھولنے کا تھا، لیکن کچھ جگہوں پر خامیاں رہ گئیں، اس لیے 81 کا افتتاح کیا گیا۔ اس سے پہلے 238 تھے، اب بڑھ کر 319 ہو گئے ہیں۔ یہ آروگیہ مندر منی اسپتال کی طرح ہیں، جہاں 80 ٹیسٹ مفت ہوں گے۔ ساتھ ہی ماں اور بچے کو بھی تمام سہولیات ملیں گی۔ اس اسمبلی حلقے میں پہلے 5 تھے، آج 2 اور کھل گئے تو تعداد بڑھ کر 7 ہو گئی ہے۔ ہماری منصوبہ بندی ہے کہ ہر اسمبلی حلقے میں 10 سے 12 آروگیہ مندر کھولے جائیں تاکہ لوگوں کو قریب ہی علاج مل سکے اور دور نہ جانا پڑے۔
وزیر اعظم مودی نے 1000 کروڑ کی مدد کی
اپوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ پچھلی حکومت نے محلہ کلینک کھول کر انہیں اپنا ہیلتھ ماڈل بتایا، مگر وہ دراصل ہلّا کلینک تھے۔ کہیں نالے پر تو کہیں کسی کونے میں پورٹا کیبن رکھ دیے گئے۔ دہلی کی آبادی ساڑھے تین کروڑ ہے۔ ایمس میں بھی تقریباً 53–55 لاکھ او پی ڈی ہوتی ہے، تو سوچیں ہیلتھ کیئر پر کتنا دباؤ ہے۔ پچھلی حکومت نے اس سمت میں سنجیدگی سے نہیں سوچا۔ کووڈ کے دوران عجلت میں سات جگہ آئی سی یو اسپتال کے نام پر پورٹا کیبن کھڑے کر دیے گئے، جن پر آج سی بی آئی جانچ چل رہی ہے۔ 200 کروڑ کا بجٹ بڑھا کر 400 کروڑ کر دیا گیا۔ صحت کے وزیر آ کر کہتے تھے کہ دو منزل اور بڑھا دو، ایسا نہیں ہوتا۔ اسی لیے سارے پروجیکٹ ادھورے پڑے ہیں۔ انہوں نے 20 اسپتال بنانے کی بات کی تھی، مگر ایک بھی مکمل نہیں ہوا اور پیسوں کی بربادی ہوئی۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی نے دہلی کو 1000 کروڑ روپے کی مدد دی ہے، جس سے دہلی کی ہیلتھ کیئر سہولیات بہتر کی جا رہی ہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق ہر 1000 افراد پر 2 بستر ہونے چاہئیں، مگر سرکاری ہی نہیں بلکہ نجی اسپتالوں کو بھی ملا لیں تو یہ معیار پورا نہیں ہوتا۔ دہلی میں 1100 آیوشمان آروگیہ مندر کھولے جائیں گے۔
۔ 11 ماہ میں 319 آیوشمان آروگیہ مندر کھولے‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن پوچھتی ہے کہ کچرے کے پہاڑ کیوں نہیں ہٹے، تو میں کہتی ہوں کہ 11 سال کی حکومت 11 ماہ کی حکومت سے سوال کر رہی ہے۔ ہم نے ان 11 ماہ میں 319 آیوشمان آروگیہ مندر کھولے ہیں۔ اسپتالوں کو انٹیگریٹ کیا، ڈیجیٹلائزیشن کی۔ آپ کسی بھی اسپتال میں علاج کروائیں، ایک ہی بٹن پر ساری معلومات مل جاتی ہیں۔ 150 ڈائلیسس مشینیں لگوائیں۔ ایکس رے جیسی چھوٹی مشینیں بھی پہلے نہیں تھیں۔ ہم پی پی پی ماڈل کے تحت بھی کام کر رہے ہیں اور نئی مشینیں بھی خرید رہے ہیں۔ کچرے کے پہاڑ بھی کم کیے جا رہے ہیں۔ آپ کی ایک ووٹ کی طاقت نے دہلی کو اتنا مضبوط بنایا کہ 20 فروری کو کابینہ کے حلف لیتے ہی ہم نے آیوشمان بھارت یوجنا نافذ کر دی اور 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج دیا۔ حکومت نے 32 کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ ابھی بہت سا کام باقی ہے۔ یہاں ہر طبقے کے لوگ رہتے ہیں اور سب کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ میں یقین دلاتی ہوں کہ ہمارا ہر لمحہ اور جسم کا ہر ذرہ دہلی کی عوام کے لیے وقف رہے گا۔ وزیر اعظم مودی کے وژن کے ساتھ مل کر ہمیں ترقی یافتہ دہلی بنانی ہے۔ ہر اسمبلی حلقے میں جھگیوں کے کام کے لیے اراکین اسمبلی کو 10 کروڑ روپے دیے گئے ہیں۔ میں تمام عوامی نمائندوں سے کہتی ہوں کہ وزیر اعظم مودی کی کرپا سے فنڈ کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ پہلے دہلی کا اکاؤنٹ مرکزی حکومت کے ساتھ تھا، مگر اب آر بی آئی کے ذریعے الگ کر دیا گیا ہے۔ اب دہلی خود الگ سے فنڈ لے سکتی ہے۔ پہلے 13 فیصد سود پر فنڈ لیا جاتا تھا، میں بنیا کی بیٹی ہوں، ہم 7 فیصد پر لیں گے۔ دو دن پہلے ہی مرکزی حکومت نے دہلی کے اکاؤنٹ میں 15000 کروڑ روپے منتقل کیے ہیں۔ 2028 تک دہلی میں 11000 الیکٹرک بسیں ہوں گی اور ہم نے ابھی سے ان کا آرڈر دے دیا ہے۔