نئی دہلی
نیپال کے وزیر خارجہ ششیر کھنال وسط جون میں چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے دفتر نے پیر کے روز یہ اطلاع دی۔یہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد چین کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔
وزارت خارجہ کے سیکرٹریٹ نے تصدیق کی ہے کہ کھنال 15 سے 16 جون تک دو روزہ سرکاری دورے پر چین جائیں گے۔ تاہم وزارت خارجہ نے ابھی تک اس دورے کی باضابطہ تاریخوں یا دیگر تفصیلات کا اعلان نہیں کیا ہے۔
دورے کے دوران ان کی چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ لیو ہائی جِنگ اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ان کے چین میں مقیم نیپالی تارکین وطن سے بھی ملاقات کی توقع ہے۔ وہ 16 جون کو کٹھمنڈو واپس آئیں گے۔
اس سے قبل ششیر کھنال نے 5 سے 7 جون تک تین روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان کا سفر کیا تھا، جسے انہوں نے “بامقصد” قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔