نیپال کے وزیر خارجہ نے این ایس اے اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-06-2026
نیپال کے وزیر خارجہ نے این ایس اے اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی
نیپال کے وزیر خارجہ نے این ایس اے اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی

 



کٹھمنڈو
نیپال کے وزیر خارجہ ششیر کھنال نے جمعہ کے روز نئی دہلی میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی۔ نیپال کے سفارت خانے (ہندوستان) کے مطابق دونوں رہنماؤں نے نیپال اور ہندوستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایکس  پر نیپال کے سفارت خانے (ہندوستان) نے لکھا کہ وزیر خارجہ ششیر کھنال نے آج نئی دہلی میں اپنے دفتر میں ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نیپال اور ہندوستان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔جمعہ کے روز نیپال کے وزیر خارجہ ششیر کھنال دو روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان پہنچے۔
کھنال ہفتہ کے روز وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے مذاکرات کریں گے اور اتوار کو واپس روانہ ہوں گے۔ہندوستان کی وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان رندھیر جیسوال نے ان کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے ایکس پر لکھا: "نیپال کے وزیر خارجہ ششیر کھنال کے پہلے سرکاری دورے پر ان کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے ہیں۔ باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے یہ دورہ ہندوستان اور نیپال کے درمیان خصوصی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
اسی دوران ہفتہ وار پریس بریفنگ میں جیسوال سے پوچھا گیا کہ کیا کھنال کے ایجنڈے میں رابطہ کاری، تجارت اور سرحدی بنیادی ڈھانچے جیسے امور شامل ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نیپالی وزیر خارجہ ابھی ابھی آئے ہیں اور وہ ہمارے وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ ہمارے پاس نیپال کے ساتھ تعاون کا ایک وسیع ایجنڈا ہے جس میں ترقیاتی تعاون، عوامی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری شامل ہیں۔ ہم اس کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
جیسوال سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا وزیر خارجہ نیپال کے وزیر اعظم کے ان حالیہ بیانات پر بات کریں گے جن میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان نے ان کے کچھ علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔جیسوال نے کہا کہ ملاقات میں تمام متعلقہ دوطرفہ امور پر بات ہوگی۔ سرحدی معاملات کے حوالے سے ہم پہلے ہی اپنا مؤقف واضح کر چکے ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے ایک دوطرفہ میکانزم موجود ہے۔ ہم مناسب وقت پر کسی بھی اعلیٰ سطحی دورے سے متعلق اپ ڈیٹ فراہم کریں گے۔
یہ دورہ مارچ میں وزیر اعظم بالندرا شاہ کی حکومت کے قیام کے بعد سے نیپال کی حکومت کی جانب سے ہونے والی سب سے اعلیٰ سطحی سرکاری مصروفیت ہے۔