نئی دہلی
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے منگل کے روز ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنے ذاتی عزائم کی تکمیل کے لیے کشمیر کو رہن رکھ دیا اور برطانوی حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
لوک سبھا میں جواہر لال نہرو کی آخری وائسرائے ماؤنٹ بیٹن کی اہلیہ ایڈوینا ماؤنٹ بیٹن کے ساتھ تصاویر دکھاتے ہوئے گری راج سنگھ نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے مطالبہ کیا کہ وہ نہرو کے مبینہ اقدامات پر قوم سے معافی مانگیں۔
گری راج سنگھ نے کہا كہ اپنے ذاتی عزائم پورے کرنے کے لیے نہرو جی نے کشمیر کو رہن رکھ دیا۔ انہوں نے برطانوی حکومت کے سامنے بھی سرنڈر کیا۔ امبیڈکر جی کی شکست کے بعد انہوں نے جشن منایا۔ یہ تصاویر سب کچھ واضح کرتی ہیں۔ راہل گاندھی کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
گری راج سنگھ کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب اپوزیشن کے ارکانِ پارلیمنٹ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت پر ہندوستان-امریکہ عبوری تجارتی معاہدے کے حالیہ فریم ورک کو لے کر مسلسل تنقید کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ “مودی حکومت کا سرنڈر” ہے اور اس سے کسانوں کے تحفظ اور رعایتی روسی تیل کی خریداری پر ہندوستان کی خود مختاری کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل دن میں، انڈیا اتحاد کے ارکانِ پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر والا ایک پوسٹر اٹھایا، جس پر لکھا تھا كہ نریندر نے سرنڈر کیا؟ قوم دیکھ رہی ہے۔ اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کے دوران اس تجارتی معاہدے کے فریم ورک پر تفصیلی بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
وزارتِ تجارت اور وائٹ ہاؤس کے مشترکہ بیان کے مطابق، امریکہ ہندوستان میں تیار ہونے والی اشیا پر 18 فیصد جوابی ٹیرف عائد کرے گا، جن میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات، چمڑا اور جوتے، پلاسٹک اور ربڑ، نامیاتی کیمیکلز، گھریلو سجاوٹ کی اشیا، دستکاری کے سامان اور بعض مشینری شامل ہیں۔
بیان کے مطابق، ہندوستان تمام امریکی صنعتی اشیا اور امریکی خوراک و زرعی مصنوعات کی ایک وسیع فہرست پر ٹیرف ختم یا کم کرے گا، جن میں خشک ڈسٹلرز گرینز ، جانوروں کے چارے کے لیے سرخ جوار، درختوں کے میوے، تازہ اور پروسیس شدہ پھل، سویابین آئل، شراب اور دیگر مصنوعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق، امریکہ کی جانب سے ہندوستان پر عائد اضافی ٹیرف ہٹائے جانے کے بعد، ہندوستان روسی تیل کی خریداری بند کرے گا۔
وائٹ ہاؤس نے کہا كہ ہندوستان نے اس بات کا عہد کیا ہے کہ وہ براہ راست یا بالواسطہ طور پر روسی فیڈریشن کا تیل درآمد نہیں کرے گا، اور اس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ امریکہ سے توانائی کی مصنوعات خریدے گا۔ اس کے ساتھ ہی، اگلے دس برسوں میں امریکہ کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے فریم ورک پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
تاہم، پیر کے روز خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے وضاحت کی کہ قومی مفاد ہی ہندوستان کے توانائی سے متعلق فیصلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی توانائی پالیسی کے بنیادی محرکات مناسب دستیابی، منصفانہ قیمتیں اور سپلائی کا قابلِ اعتماد ہونا ہیں، یہ وضاحت ان خبروں کے تناظر میں دی گئی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نئی دہلی روس سے تیل کی درآمد میں کمی کر رہا ہے۔