نیہا سنگھ راٹھور کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-10-2025
نیہا سنگھ راٹھور کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا
نیہا سنگھ راٹھور کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ ایف آئی آر پہلگام دہشت گرد حملے، وزیر اعظم نریندر مودی، بہار انتخابات اور ہندو۔مسلم سیاست سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کے حوالے سے درج کی گئی تھی۔  سینئر وکیل کپل سبل نے دلیل دی کہ نیہا پر ملک سے غداری جیسی سنگین دفعات غلط طریقے سے لگائی گئی ہیں۔ نیہا سنگھ نے عدالت سے پوری ایف آئی آر کو نہیں بلکہ صرف کچھ مخصوص دفعات کو ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس وجے بشنوی کی بنچ نے کہا کہ اس وقت عدالت بغاوت کے الزامات (یعنی ہندوستان کی خودمختاری، اتحاد اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے) کے معاملے میں مداخلت نہیں کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے نیہا سنگھ راٹھور کو یہ آزادی دی ہے کہ وہ الزامات طے ہونے کے وقت یہ نکات اٹھا سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ نیہا سنگھ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے 19 ستمبر کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا، جس میں ایف آئی آر کو منسوخ کرنے سے انکار کیا گیا تھا۔
نیہا کے خلاف ایف آئی آر کس نے درج کرائی
اس ایف آئی آر میں نیہا سنگھ پر ایک خاص مذہبی برادری کو نشانہ بنانے اور ملک کی یکجہتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام ہے۔ نیہا سنگھ کے خلاف حضرت گنج تھانے میں ابھے پرتاپ سنگھ نامی ایک شخص نے شکایت درج کرائی تھی، جس کی بنیاد پر ایف آئی آر درج ہوئی۔ اسی ایف آئی آر کو نیہا سنگھ نے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ ابھے سنگھ نے الزام لگایا کہ نیہا سنگھ نے مذہبی بنیاد پر ایک کمیونٹی کو دوسری کے خلاف بھڑکانے کی بارہا کوشش کی ہے۔
نیہا کی درخواست میں کیا کہا گیا
گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور نے اپنی درخواست میں دلیل دی کہ انہیں ہندوستانی فوجداری قانون کی کئی دفعات کے تحت غلط طور پر پھنسایا گیا ہے۔ ان میں فرقہ وارانہ نفرت پھیلانا، امن میں خلل ڈالنا، اور ملک کی خودمختاری، اتحاد و سالمیت کو خطرے میں ڈالنا شامل ہے۔ان پر آئی ٹی ایکٹ کے تحت بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔