نیٹ پیپر لیک معاملہ: مہاراشٹر کے اسکول نے گرفتار استاد کو معطل کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-05-2026
نیٹ پیپر لیک معاملہ: مہاراشٹر کے اسکول نے گرفتار استاد کو معطل کیا
نیٹ پیپر لیک معاملہ: مہاراشٹر کے اسکول نے گرفتار استاد کو معطل کیا

 



پمپری چنچواڑ
سیٹھ ہیرالال سرسوتی پرشالا نے اپنی سینئر فزکس لیکچرار منیشا سنجے حوالدار کو نیٹ-یو جی پرچہ لیک معاملے میں مبینہ ملوث ہونے کے الزام میں گرفتاری کے بعد فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
ادارے کے سیکریٹری ڈاکٹر ستیش گاوڑے نے منیشا حوالدار کے مبینہ اقدامات کو طلبہ، تعلیمی ادارے اور ملک کے ساتھ "غداری" قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی داخلی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ستیش گاوڑے نے کہا، "جیسے ہی ہمیں معلوم ہوا کہ ہمارے اسکول میں خدمات انجام دینے والی منیشا حوالدار کو نیٹ امتحان کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے، ہم نے فوری طور پر انہیں معطل کر دیا اور ایک تحقیقاتی کمیٹی مقرر کر دی۔ ہم کسی بھی صورت میں اس عمل کی حمایت نہیں کرتے۔ ہم سخت کارروائی کے لیے پُرعزم ہیں کیونکہ یہ بچوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کا ریکارڈ ہمیشہ صاف اور شفاف رہا ہے۔ڈاکٹر گاوڑے نے مزید کہا کہ ہمارے اسکول یا کالج میں اس سے قبل کبھی ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی کسی استاد کے خلاف اس نوعیت کا الزام سامنے آیا۔ لیکن جب ہمیں حوالدار میڈم کے بارے میں معلوم ہوا تو یہ ہمارے لیے ایک بڑا صدمہ تھا۔
اسکول انتظامیہ نے یہ بھی کہا کہ وہ اس کثیر ریاستی پرچہ لیک معاملے کی تحقیقات کرنے والی مرکزی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ڈاکٹر گاوڑے نے کہا کہ ہم سی بی آئی کی تحقیقات کی سو فیصد حمایت کریں گے کیونکہ یہ بچوں کے ساتھ دھوکہ، ہمارے ادارے کے ساتھ دھوکہ، معاشرے کے ساتھ دھوکہ اور ملک کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ کو ان کی مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔اسکول انتظامیہ کے مطابق منیشا حوالدار ادارے کی ایک تجربہ کار استاد تھیں اور ریٹائرمنٹ کے قریب تھیں۔ڈاکٹر گاوڑے نے کہا کہ ہمیں نیٹ معاملے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں کہ وہ کیا کر رہی تھیں، انہیں کب اور کس نے اس سرگرمی سے جوڑا۔ وہ 1992 سے ہمارے ادارے میں لیکچرار کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کے پاس ایم ایس سی اور بی ایڈ کی ڈگری ہے اور وہ فزکس کی استاد ہیں۔ ان کی ریٹائرمنٹ 30 جون 2026 کو متوقع ہے۔
اس معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے نیٹ (یو جی)-2026 رجسٹریشن پورٹل پر امیدواروں کے لیے ایک خصوصی سہولت متعارف کرائی ہے تاکہ وہ امتحانی فیس کی واپسی (ریفنڈ) کے لیے اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کرا سکیں۔ایجنسی کے مطابق معلومات جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 مئی 2026 رات 11:50 بجے تک مقرر کی گئی ہے۔
این ٹی اے نے کہا کہ یہ سہولت ان تمام امیدواروں کے لیے دستیاب ہے جو ریفنڈ حاصل کرنے کے اہل ہیں۔
ایجنسی کے مطابق امیدواروں کو اپنے لاگ اِن اسناد (کریڈینشلز) استعمال کرتے ہوئے پورٹل میں داخل ہونا ہوگا اور ریفنڈ لنک کے ذریعے اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کرانی ہوں گی۔ادھر مرکزی وزارتِ تعلیم نے 21 جون کو منعقد ہونے والے آئندہ دوبارہ امتحان کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
حکام نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ مستقبل میں اس قسم کی بے ضابطگیوں کو روکنے کے لیے اگلے سال سے نیٹ-یو جی امتحان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (سی بی ٹی) موڈ میں منعقد کیا جائے گا۔