نیٹ-یو جی پیپر لیک کیس: عدالت نے ڈاکٹر شیرور، تیجس شاہ اور منیشا حوالدار کو عدالتی تحویل میں بھیجا
نئی دہلی
راؤز ایونیو عدالت نے پیر کے روز سی بی آئی کی پوچھ گچھ کے بعد ڈاکٹر منوج شیرورے، تیجس ہرشد کمار شاہ اور منیشا سنجے ہولدار کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ ان تینوں کو نیٹ-یو جی پیپر لیک معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔سی بی آئی کے خصوصی جج اجے گپتا نے تینوں ملزمان کو 15 جون تک عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا۔ سی بی آئی نے عدالت سے تینوں ملزمان کی 14 روزہ عدالتی تحویل کی درخواست کی تھی۔
سی بی آئی کے سرکاری وکیل وی کے پاٹھک اور ڈپٹی ایس پی پون کمار کوشک نے اس سے قبل ڈاکٹر شیرورے اور تیجس شاہ کی تحویل مانگی تھی تاکہ نیٹ-یو جی پیپر لیک اور اس کی تقسیم سے متعلق وسیع سازش کے سلسلے میں ان سے مزید پوچھ گچھ کی جا سکے۔سی بی آئی کے مطابق ڈاکٹر منوج شیرورے نے شیوراج راگھوناتھ موٹیگاونکر سے 5 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ یہ رقم ان کی بہن کے گھر سے برآمد کی گئی۔
ڈاکٹر شیرورے کے وکیل نے ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاری سے قبل وہ 19 مئی کو لاتور میں تفتیش میں شامل ہو چکے تھے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے تفتیش میں مکمل تعاون کیا اور سی بی آئی کو مطلوبہ معلومات فراہم کیں۔ 19 مئی سے ان کا موبائل فون بھی سی بی آئی کے پاس ہے، لیکن ریمانڈ درخواست میں اس کا ذکر نہیں کیا گیا۔وکیل نے مزید کہا کہ گرفتاری سے قبل ڈاکٹر شیرورے سے مختلف تاریخوں پر تین مرتبہ پوچھ گچھ کی جا چکی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر شیرورے اور ان کی اہلیہ معروف ڈاکٹر ہیں۔
دفاعی وکیل کے مطابق سی بی آئی کے پاس صرف کلکرنی کا انکشافیہ بیان اور ڈاکٹر شیرورے کی بہن کے گھر سے 5 لاکھ روپے کی برآمدگی ہی موجود ہے۔ وکیل نے دعویٰ کیا کہ گرفتاری غیر قانونی ہے، اس لیے ڈاکٹر شیرورے کو رہا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی بی آئی نے تقریباً 50 گھنٹے کی پوچھ گچھ کا ذکر اپنی درخواست میں نہیں کیا۔
سی بی آئی نے دفاع کے دلائل کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وکیل پہلے ہی دن عدالت کے سامنے تمام ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایجنسی کا مؤقف تھا کہ ڈاکٹر منوج شیرورے امتحانی پرچہ لیک کرنے میں فعال کردار رکھتے تھے اور وہ اس سازش کا اہم حصہ ہیں۔عدالت نے سی بی آئی سے سوال کیا کہ پانچ دن کی تحویل کی ضرورت کیوں ہے۔ اس پر سی بی آئی نے بتایا کہ اس معاملے میں متعدد ملزمان شامل ہیں اور مختلف مقامات پر تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔
تیجس ہرشد کمار شاہ کی تحویل طلب کرتے ہوئے سی بی آئی نے کہا کہ وہ پونے کی ڈاکٹر ابھنگ پربھو میڈیکل اکیڈمی میں فزکس کے فیکلٹی ممبر ہیں۔سی بی آئی کے مطابق تیجس شاہ نے فزکس کا امتحانی پرچہ منیشا سنجے ہولدار کو فراہم کیا تھا۔ منیشا ہولدار بھی منظور شدہ ماہرین کی فہرست میں شامل ہیں اور اس وقت حراست میں ہیں۔ یہی سوالیہ پرچہ ان کے موبائل فون سے برآمد ہوا۔
سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ یہ جاننے کے لیے تیجس شاہ کی تحویل ضروری ہے کہ امتحانی پرچہ کہاں اور کس طرح استعمال کیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق مزید شواہد، ڈیجیٹل ثبوت جمع کرنے اور دیگر ملزمان کی شناخت کے لیے بھی ان کی تحویل درکار ہے، جبکہ انہیں دوسرے ملزمان کے ساتھ آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ گچھ بھی کی جائے گی۔