نیٹ ۔ یو جی پیپر لیک معاملہ۔ ملزمان کی پولی گراف اور برین میپنگ ٹیسٹ کی درخواست مسترد

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2026
نیٹ ۔ یو جی  پیپر لیک معاملہ۔ ملزمان کی پولی گراف اور برین میپنگ ٹیسٹ کی درخواست مسترد
نیٹ ۔ یو جی پیپر لیک معاملہ۔ ملزمان کی پولی گراف اور برین میپنگ ٹیسٹ کی درخواست مسترد

 



نئی دہلی۔ راؤز ایونیو کورٹ نے پیر کو نیٹ یو جی 2026 پیپر لیک معاملے میں 3 ملزمان کی جانب سے اپنے پولی گراف۔ برین میپنگ اور جھوٹ پکڑنے والے ٹیسٹ کرانے کی ہدایت دینے سے متعلق درخواست مسترد کردی۔خصوصی جج فاسٹ ٹریک کورٹ اجے گپتا نے منگی لال بیوال۔ وکاس بیوال اور دنیش بیوال کی جانب سے دائر درخواست خارج کردی۔ ملزمان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان ٹیسٹوں سے منصفانہ اور شفاف تفتیش میں مدد ملے گی۔ ان کے وکیل اے پی سنگھ نے کہا کہ منصفانہ تفتیش اور منصفانہ ٹرائل آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت ملزمان کے حقوق ہیں۔

تاہم مرکزی تفتیشی بیورو نے درخواست کی مخالفت کی۔ سینئر پبلک پراسیکیوٹر وی کے پاٹھک نے کہا کہ یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ انہوں نے ملزمان پر اخراجات عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور بتایا کہ حکومت نے اس معاملے کی سماعت کے لیے پہلے ہی خصوصی فاسٹ ٹریک عدالت قائم کر دی ہے۔دریں اثنا عدالت نے سی بی آئی کی چارج شیٹ کا نوٹس لینے سے متعلق حکم مؤخر کردیا۔ عدالت نے کہا کہ حکم لکھوایا جا رہا تھا لیکن ریکارڈ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اسے مکمل نہیں کیا جا سکا۔ اب اس معاملے میں نوٹس لینے سے متعلق حکم 12 اگست کو سنایا جائے گا۔

عدالت نے ملزمان کی عدالتی حراست بھی 12 اگست تک بڑھا دی ہے۔ ملزمان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔سی بی آئی نے نیٹ یو جی 2026 امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں اور پیپر لیک کے سلسلے میں 13 ملزمان کے خلاف تقریباً 20 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے۔ ایجنسی نے چارج شیٹ میں 360 گواہوں۔ 422 دستاویزات اور 43 مادی شواہد کا حوالہ دیا ہے۔

ملزمان پر بھارتیہ نیائے سنہتا کے تحت مجرمانہ سازش۔ دھوکہ دہی۔ مجرمانہ اعتماد شکنی اور شواہد کو تباہ کرنے سمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان کے خلاف انسداد بدعنوانی قانون اور پبلک ایگزامینیشن پریوینشن آف اَن فیئر مینز ایکٹ 2024 کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔سی بی آئی کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم نے 12 مئی کو 3 مئی کو منعقدہ نیٹ یو جی 2026 امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں کے حوالے سے شکایت درج کرائی تھی۔ ایجنسی نے اسی دن ایف آئی آر درج کی اور 72 افسران و اہلکاروں پر مشتمل کئی ٹیمیں تشکیل دیں۔ ان ٹیموں میں 8 سائبر فرانزک ماہرین بھی شامل تھے۔سی بی آئی نے بتایا کہ مہاراشٹر۔ راجستھان۔ ہریانہ۔ دہلی اور دیگر ریاستوں میں 92 مقامات پر تلاشی لی گئی۔ اس دوران ڈیجیٹل آلات۔ مواصلاتی سامان اور دستاویزات ضبط کیے گئے۔

پہلی گرفتاری 13 مئی کو ہوئی تھی۔ اب تک مجموعی طور پر 13 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں این ٹی اے کے کیمسٹری۔ بایولوجی اور فزکس کے 3 موضوعاتی ماہرین بھی شامل ہیں۔ مبینہ طور پر لیک ہونے والے سوالات حاصل کرنے اور انہیں تقسیم کرنے میں ملوث کئی درمیانی افراد اور کوچنگ اداروں سے وابستہ 2 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ایجنسی نے مبینہ مالی لین دین کی تحقیقات کے تحت کئی بینک اکاؤنٹس۔ بینک لاکرز اور ایک ڈیمیٹ اکاؤنٹ بھی منجمد کیا ہے۔