نبیٹ کا دوبارہ امتحان: این ٹی اے نے ایڈوائزری جاری کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-06-2026
نبیٹ کا دوبارہ امتحان: این ٹی اے نے ایڈوائزری جاری کی
نبیٹ کا دوبارہ امتحان: این ٹی اے نے ایڈوائزری جاری کی

 



نئی دہلی
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی  نے جمعہ کو کہا کہ وہ 21 جون کو منعقد ہونے والے نیٹ-یو جی 2026 کے دوبارہ امتحان کے لیے امیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کے سلسلے میں ایس ایم ایس، ای میل اور واٹس ایپ پیغامات بھیج رہی ہے۔ ساتھ ہی طلبہ کو دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات اور جعلی معلومات سے محتاط رہنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
میڈیکل کورسز میں داخلے کے لیے نیٹ-یو جی کا امتحان اس سال 3 مئی کو منعقد ہوا تھا، لیکن پرچہ لیک ہونے کے الزامات کے بعد 12 مئی کو اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔ اس معاملے کی تحقیقات اس وقت مرکزی تفتیشی بیورو  کر رہا ہے۔
این ٹی اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ این ٹی اے 21 جون 2026 کو ہونے والے دوبارہ امتحان کے لیے امیدواروں کو اپنے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے کے حوالے سے ایس ایم ایس اور ای میل بھیج رہا ہے۔
ایجنسی نے واضح کیا کہ تمام مستند پیغامات صرف سرکاری آئی ڈی اور سرکاری ای میل ایڈریس سے ہی بھیجے جائیں گے۔این ٹی اے کی جانب سے جاری مشاورتی ہدایت میں کہا گیا کہ این ٹی اے کبھی بھی کسی قسم کی ادائیگی کا مطالبہ نہیں کرے گا، نہ ہی امتحانی پرچہ، جوابی کلید یا کسی مبینہ 'لیک' شدہ مواد کو شیئر کرے گا، اور نہ ہی کسی لنک کے ذریعے آپ کا ایڈمٹ کارڈ فراہم کرے گا۔ اگر آپ کو اس نوعیت کا کوئی پیغام موصول ہو تو اس پر کلک نہ کریں اور فوری طور پر اس کی اطلاع دیں۔
مزید برآں، این ٹی اے نے بتایا کہ اب دوبارہ امتحان سے متعلق نئی معلومات اور امتحانی مراکز کی تفصیلات براہِ راست واٹس ایپ کے ذریعے بھی امیدواروں کو بھیجی جائیں گی۔مشاورتی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امیدوار اس بات کو یقینی بنائیں کہ پیغام بھیجنے والے کے نام کے ساتھ بلیو ویریفائیڈ ٹک موجود ہو اور نام "نیشنل تیسٹنگ اجینسی " درج ہو۔
این ٹی اے نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی پیغام ایسے اکاؤنٹ سے موصول ہوتا ہے جس کے ساتھ بلیو ویریفائیڈ ٹک موجود نہیں، تو وہ این ٹی اے کی جانب سے نہیں ہے، چاہے اس میں این ٹی اے کا نام ہی کیوں نہ استعمال کیا گیا ہو۔