بنگلور
کرناٹک کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور مرکزی وزیر ایم ویریپا موئلی نے ملک بھر میں نیٹ-یو جی2026 امتحان کے پرچہ لیک ہونے کے مبینہ معاملے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے اسے "قومی سلامتی کا معاملہ" قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔
پیر کے روز جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں موئلی نے کہا کہ نیٹ کے پرچہ لیک کی خبر سن کر انہیں "گہرا صدمہ" پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے)، جو نیٹ امتحان کا انعقاد کرتی ہے کہ امتحانی عمل کی شفافیت اور سلامتی کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔
موئلی نے کہا کہ یہ دوسری بار ہوا ہے اور اس نے لاکھوں طلبہ کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اسے سی بی آئی کے حوالے کر دیا گیا ہے، لیکن سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ اس کی تحقیقات این آئی اے کے ذریعے ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا، "یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے، اور اس طرح کے پرچہ لیک میں ملوث افراد کے ساتھ مکمل سنجیدگی سے نمٹا جانا چاہیے۔
موئلی نے مزید کہا کہ صرف این ٹی اے کے عہدیداروں کو سزا دینا کافی نہیں ہے۔ پریس نوٹ میں کہا گیا کہ ایچ آر ڈی وزیر اور متعلقہ حکام کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری قبول کریں اور فوری طور پر استعفیٰ دیں، کیونکہ یہ دوسری بار ہوا ہے۔ ہمیں نہیں معلوم کہ آیا اس طرح کے پرچہ لیک باقاعدہ وقفوں سے ہو رہے ہیں۔" انہوں نے حکومتِ ہند سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ امتحان کے انعقاد کے ذمہ دار افراد کے خلاف "سخت کارروائی کی جائے اور انہیں مکمل طور پر سزا دی جائے۔
کئی ریاستوں میں پرچہ لیک کی خبروں کے بعد نیٹ یو جی2026 امتحان تنازع کا شکار ہو گیا ہے، جس کے باعث دوبارہ امتحان کرانے اور سی بی آئی تحقیقات کے مطالبات زور پکڑ گئے ہیں۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب مرکزی حکومت نے نیٹ-یو جی2026 امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ امتحان اصل میں 3 مئی کو منعقد ہونا تھا، لیکن پرچہ لیک اور بے ضابطگیوں کے الزامات کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔ حکومت نے اب ان الزامات کی تفصیلی تحقیقات کے لیے معاملہ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے حوالے کر دیا ہے۔
اس دوران نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے کہا کہ یہ فیصلہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں حاصل شدہ معلومات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔ ایجنسی نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شیئر کیے گئے نتائج سے امتحانی عمل کی شفافیت پر سنگین خدشات سامنے آئے تھے۔ ایجنسی نے یہ بھی واضح کیا کہ مئی 2026 کے سیشن کے لیے امیدواروں کا رجسٹریشن ڈیٹا، امیدواروں کی تفصیلات اور منتخب امتحانی مراکز دوبارہ ہونے والے امتحان کے لیے بھی قابلِ قبول ہوں گے۔ اس کے لیے کسی نئے رجسٹریشن یا اضافی فیس کی ضرورت نہیں ہوگی۔