نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ روی کشن نے نیٹ 2026 پرچہ لیک معاملے میں گرفتار ملزمان کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے خلاف ایسی مثال قائم کی جانی چاہیے کہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کی جرأت نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس معاملے میں سخت کارروائی پر زور دیا ہے۔ روی کشن کے مطابق اب تک گرفتار کیے گئے 13 ملزمان کو اعلیٰ ترین قانونی کارروائی کے ذریعے سخت ترین سزا دلانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ مستقبل میں کوئی بھی نیٹ جیسے امتحان کا پرچہ لیک کرنے کی ہمت نہ کرے۔
روی کشن نے کہا کہ وزیر اعظم نے واضح کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد سزا دلانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ نوجوانوں اور طلبہ میں انصاف کا مضبوط پیغام جائے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ امتحانی پرچوں کے لیک جیسے سنگین مسئلے پر سیاست سے بالاتر ہو کر مشترکہ حل تلاش کیا جائے۔ ان کے مطابق مودی نے کہا کہ یہ معاملہ کسی ایک ریاست تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے اور سب کو مل کر اس کا مستقل حل نکالنا ہوگا۔
روی کشن نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے حکمران جماعت کے ارکان کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ اپوزیشن کے اراکین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ اگرچہ پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی ہو رہی ہو تب بھی ان سے بات چیت کریں۔ ان کے تحفظات اور مسائل کو سمجھیں اور دوستانہ ماحول برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نوجوانوں کو ملک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں صحیح سمت دکھائے اور اگر کوئی انہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرے تو حکومت مؤثر انداز میں اس کا مقابلہ کرے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے نیٹ۔یو جی 2026 پرچہ لیک کے خلاف احتجاج مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ پارٹی مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
پیر کو پارلیمنٹ مارچ کے دوران مظاہرین اور دہلی پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس کے مطابق تصادم میں 118 سے زائد اہلکار زخمی ہوئے جبکہ تقریباً 60 مظاہرین بھی زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ رکاوٹیں توڑنے کی کوشش کی۔ سرکاری اور پولیس گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور عوامی املاک کی توڑ پھوڑ کی۔ اس سلسلے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
کاکروچ جنتا پارٹی کے وفد نے پیر کو مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سے ملاقات بھی کی۔ وفد نے دھرمیندر پردھان کے استعفے۔ نیٹ امیدواروں میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے اور سماجی کارکن سونم وانگچک کی فوری رہائی سمیت کئی مطالبات پیش کیے۔
پارٹی کے ترجمان سوربھ داس نے کہا کہ جب تک دھرمیندر پردھان استعفیٰ نہیں دیتے احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب جے پی نڈا نے کہا کہ مظاہرین کی جانب سے مذاکرات کی تجویز موصول ہوئی ہے اور انہوں نے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی۔