ترواننت پورم : نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (NDRF) نے جنوب مغربی مون سون 2026 کی آپریشنل تیاریوں کے تحت ریاست کے مختلف اضلاع میں آٹھ ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔ یہ اقدام کیرالہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (KSDMA) کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
سرکاری پریس نوٹ کے مطابق یہ ٹیمیں NDRF کی 4ویں بٹالین نے تعینات کی ہیں اور ہر ٹیم میں 30 ریسکیو اہلکار شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں کولم، پتھانم تھٹہ، الاپوزا، اڈوکی، ایرناکولم، تھرِسور، کوزیکوڈ اور وائناڈ میں تعینات کی گئی ہیں۔ پروین ایس پرساد، ڈپٹی کمانڈنٹ آپریشنز NDRF نے بتایا کہ یہ قدم بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) کی اس پیش گوئی کے بعد اٹھایا گیا ہے جس میں مون سون کے جلد آغاز کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر مختلف بٹالینز کو کیرالہ میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ ان کے مطابق کچھ ٹیمیں کوژیکوڈ، وائناڈ، تھرِسور، ایرناکولم اور کولم میں تعینات رہیں گی۔ مزید بتایا گیا کہ تمل ناڈو میں بھی چار اضافی NDRF ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جو اوٹی، تیرونیلویلی اور کوئمبٹور جیسے علاقوں کا احاطہ کریں گی، جبکہ چنئی اور انڈمان و نکوبار جزائر میں بھی ریسکیو ٹیمیں موجود ہیں۔
اراکونم میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو کیرالہ اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے ساتھ مل کر موسم کی نگرانی اور ہنگامی ردعمل کو مربوط کر رہا ہے۔ قبل ازیں، تمل ناڈو کے اراکونم سے 240 ریسکیو اہلکاروں پر مشتمل بڑا دستہ کیرالہ روانہ کیا گیا تھا، جو انتہائی حساس اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات سے نمٹا جا سکے۔