بہار میں این ڈی اے نے مینڈیٹ حاصل کیا،اب بنگال کی باری ہے: انوراگ ٹھاکر

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-11-2025
بہار میں این ڈی اے نے مینڈیٹ حاصل کیا،اب بنگال کی باری ہے: انوراگ ٹھاکر
بہار میں این ڈی اے نے مینڈیٹ حاصل کیا،اب بنگال کی باری ہے: انوراگ ٹھاکر

 



کانگڑا/ آواز دی وائس
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکنِ پارلیمان انوراگ ٹھاکر نے بدھ کے روز مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی کے اس بیان پر سخت تنقید کی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر بی جے پی نے ریاست کو چھونے کی کوشش کی تو ترنمول کانگریس پورے ملک کو ہلا دے گی۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ این ڈی اے (قومی جمہوری اتحاد) کو بہار میں عوامی مینڈیٹ ملا ہے اور اب مغربی بنگال کی باری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام انہیں ہلانے اور اقتدار سے باہر کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ بیان آنے والے انتخاب میں شکست کے خوف اور مایوسی کی علامت ہے۔ آج بنگال بدعنوانی، دراندازی اور جرائم کی لپیٹ میں ہے۔ ہمیں اس کے لیڈروں سے اس طرح کے بیانات کے سوا اور کیا توقع ہو سکتی ہے؟ راہل گاندھی کے الزامات کے باوجود این ڈی اے کو بہار میں مینڈیٹ ملا، اور اب بنگال کی باری ہے۔
اس سے پہلے منگل کو، نارتھ 24 پرگنہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کا "کھیل" بنگال میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ بہار میں انتخابات ہوئے۔ بہار کے اپوزیشن لیڈر 'بیچارے' تھے، وہ بی جے پی کے کھیل کو سمجھ نہیں پائے۔ ہم ان کا کھیل سمجھتے ہیں، اور ہم اسے بنگال میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اگر وہ بنگال کو چھونے کی کوشش کریں گے تو ہم پورے ملک کو ہلا دیں گے۔
بانگاﺅں میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ انہیں ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے ان کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے بی جے پی کو خبردار کیا کہ انہیں چیلنج کرنا آسان نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ ہم سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کر لیں گے۔ لیکن آج صبح 10 بجے مجھے بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر اڑان نہیں بھرے گا۔ انتخاب ابھی شروع بھی نہیں ہوا اور ٹکراؤ پہلے ہی شروع ہو گیا ہے۔ مگر انہیں احساس نہیں کہ یہ میرے حق میں ہو گیا۔ کیونکہ راستے میں میں بہت سے لوگوں سے ملی اور اُن سے مضبوط رشتہ قائم ہوا۔ میں بی جے پی سے کہتی ہوں: میرے ساتھ کھیلنے کی کوشش مت کرنا، کیونکہ آپ مجھ سے مقابلہ نہیں کر پائیں گے۔