نئی دہلی
ہندوستان کی چار ریاستوں میں نئی حکومت کے انتخاب کے لیے 4 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہونے والی ہے۔ اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما شہزاد پونا والا نے جمعرات کو کہا کہ انتخابی نتائج جمہوریت کی فتح کو ظاہر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مغربی بنگال میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں پولنگ زیادہ تر پُرامن رہی، جس کا سہرا مرکزی فورسز کی تعیناتی کو جاتا ہے۔
بی جے پی رہنما نے ایگزٹ پولز کا حوالہ دیتے ہوئے مختلف ریاستوں میں این ڈی اے کی کارکردگی پر اعتماد ظاہر کیا۔انہوں نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہاکہ 4 مئی کو نتائج آئیں گے۔ جمہوریت کی جیت ہوگی۔ مغربی بنگال میں ہر انتخاب کے دوران تشدد دیکھنے کو ملتا تھا، پہلے کئی لوگ اپنی جانیں گنوا دیتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایگزٹ پولز واضح اشارہ دے رہے ہیں کہ این ڈی اے کا کمل ہر جگہ کھل رہا ہے۔ ہم آسام میں تیسری بار واپسی کر رہے ہیں۔ تمل ناڈو میں اے آئی اے ڈی ایم کے کے ساتھ اتحاد میں اقتدار میں آ رہے ہیں۔ پڈوچیری میں بھی واپسی ہو رہی ہے اور بنگال میں تبدیلی یقینی ہے۔
پونا والا نے کہا کہ اس بار انتخابات میں تشدد کے واقعات “نہایت کم” رہے اور اس کا کریڈٹ الیکشن کمیشن اور مرکزی ایجنسیوں کو دیا۔انہوں نے کہا کہ اس بار ہونے والے انتخابات زیادہ تر پُرامن رہے ہیں اور تشدد کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس کے لیے ہمیں الیکشن کمیشن اور مرکزی اداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔
بدھ کو سامنے آنے والے ایگزٹ پولز کے مطابق بی جے پی کی قیادت والا این ڈی اے آسام میں کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ کیرالہ میں کانگریس کی قیادت والا اتحاد مضبوط دکھائی دے رہا ہے۔ کچھ سرویز کے مطابق بی جے پی مغربی بنگال میں اپنی پہلی حکومت بنانے کی طرف بھی بڑھ رہی ہے۔
سرویز کے مطابق تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کی قیادت والا اتحاد دوبارہ اقتدار میں آ سکتا ہے، تاہم ایکسز مائی انڈیا کے مطابق اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کی پارٹی ٹی وی کے اپنے پہلے ہی انتخاب میں شاندار کارکردگی دکھا سکتی ہے اور ووٹ شیئر کے معاملے میں ڈی ایم کے کے برابر پہنچ سکتی ہے۔
پڈوچیری میں ایگزٹ پولز نے این آر کانگریس کی قیادت والے اتحاد کی واپسی کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ مغربی بنگال میں دلچسپ مقابلہ متوقع ہے، جہاں زیادہ تر اندازوں میں بی جے پی کو برتری حاصل دکھائی گئی ہے۔